Wednesday , June 28 2017
Home / شہر کی خبریں / دونوں شہروں میں شدید بارش ، خوشگوار ماحول ، عوام کو راحت

دونوں شہروں میں شدید بارش ، خوشگوار ماحول ، عوام کو راحت

درجہ حرارت میں کمی ، وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ، غذائی تبدیلی سے صحت متاثر
حیدرآباد۔9جون(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں موسم کی پہلی بارش کے بعد موسم انتہائی خوشگوار ہوگیااور شہر یوں کو شدید گرمی سے راحت حاصل ہونے لگ گئی ۔ شہر میں گذشتہ کئی دنوں سے درجہ حرارت 40سے تجاوز کرچکا تھا اور اس درجہ حرارت کے سبب شہریوں میں شدید بے چینی کی کیفیت پائی جا رہی تھی لیکن مانسون کی بروقت آمد نے شہریوں کو شدید گرمی ‘ دھوپ اور لو سے نجات حاصل ہوئی۔ گذشتہ یوم دونوں شہروں میں ہوئی بارش کے بعد ہی موسم خوشگوار ہوگیا اور درجہ حرارت میں 10ڈگری تک کمی ریکارڈ کی گئی ۔ موسمی تبدیلی کے اثرات کے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ اچانک موسم میں آنے والی تبدیلی کے سبب وبائی امراض کا خدشہ ہوتا ہے اسی لئے احتیاط کی جانی چاہئے۔ گذشتہ یوم شہر میں درجہ حرارت 33ڈگری رہا جبکہ 9جون کو درجہ حرارت 30تا32ڈگری کے درمیان ہوجانے کے سبب موسم میں ٹھنڈک پیدا ہوگئی۔ دونوں شہروں میں گذشتہ تین ماہ سے جاری شدید گرمی کے سبب جو صورتحال پیدا ہوئی تھی شہری جھلسا دینے والی گرمی سے پریشان تھے لیکن بارش کے سبب شہریوں نے راحت کی سانس لی۔ماہر اطباء کا کہنا ہے کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آئی اچانک موسمی تبدیلیوں سے محفوظ رہنے کے لئے تیز رفتار غذائی تبدیلیوں سے اجتناب کرنا چاہئے بلکہ بتدریج ان اشیاء کا استعمال ترک کیا جا نا چاہئے جو موسم گرما کی شدت کے دوران استعما ل کی جا رہی تھیں اسی طرح فوری کوئی گرم اشیاء کے استعمال کے رجحان میں اضافہ نہیں کرنا چاہئے کیونکہ اس طرح کی غذائی تبدیلی انسانی نظام دفاع کو مفلوج کردیتی ہے اور اس کا منفی اثر جسم پر ہونے لگتا ہے جس کے سبب سر درد اور اعضاء شکنی جیسی صورتحال کا شکار محسوس کرنے لگتے ہیں جبکہ یہ صورتحال عارضی ہوتی ہے۔شہر میں موسم خوشگوار ہونے کے فوری بعد سیاحتی مقامات پر گہما گہمی میں اضافہ دیکھا جانے لگا ہے کیونکہ موسم گرما کی شدت کے سبب لوگ بچوں کے ساتھ گھومنے سے بھی اجتناب کر رہے تھے اور اب جبکہ اسکولوں کی تعطیلات کے آخری ایام جاری ہیں ایسی صورت میں موسم خوشگوار ہوچکا ہے تو والدین اور بچے ان لمحات سے فائدہ اٹھانے لگے ہیں۔شہر کے پارکس اور تفریحی مقامات میں گذشتہ دو یوم کے دوران سیر و تفریح کے لئے پہنچنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور آئندہ دو یوم کے دوران بھی سیر و تفریح کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھاجانے کی قوی توقع ہے کیونکہ موسم خوشگوار ہونے کے علاوہ تعطیلات اختتام پذیر ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT