Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / دونوں شہروں میں مانسون کی پہلی شدید بارش

دونوں شہروں میں مانسون کی پہلی شدید بارش

حیدرآباد۔/19اگسٹ، ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آج دن بھر شدید گرمی کے بعد شہریوں کو اس وقت راحت ملی جب رات 11 بجے سے مانسون کی پہلی موسلادھار بارش ہوئی۔ شہر کے مختلف مقامات پر بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ معظم جاہی مارکٹ، چادر گھاٹ برج، دبیر پورہ برج علاقوں میں گھٹنوں برابر پانی جمع ہوگیا۔ اعظم پورہ برج کے قریب بھی گھٹنوں برابر پانی جمع ہونے کی اطلاع ہے۔ ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے موٹر رانوں کو مشکلات پیش آئی۔ ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کے بہائو کو آسان بنانے مدد کی۔ بعض علاقوں میں برقی سربراہی منقطع رہی۔ بارش کا سلسلہ دیر تک جاری رہا۔ پرانے شہر کے نشیبی علاقوں کے علاوہ نئے شہر میں ٹولی چوکی، راج بھون روڈ، اشوک نگر وغیرہ میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے موٹررانوں کو مشکلات پیش آئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں میں تلنگانہ کے اضلاع کریم نگر، ورنگل، نلگنڈہ، حیدرآباد، رنگاریڈی، محبوب نگر اور میدک کے چند مقامات پر تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ تلنگانہ کے دیگر مقامات پر بھی اسی دوران اوسط سے تیز بارش کی محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی۔

TOPPOPULARRECENT