Saturday , March 25 2017
Home / شہر کی خبریں / دونوں شہروں میں موسم ابرآلود ، ٹھنڈی ہوائیں

دونوں شہروں میں موسم ابرآلود ، ٹھنڈی ہوائیں

گرمی کی حدت برقرار ، آئندہ دو دن بعد درجہ حرارت میں اضافہ کا امکان
حیدرآباد۔7مارچ(سیاست نیوز)گرم ہواؤں کے موسم میں بادل اور ٹھنڈی ہواؤں کے سبب دو یوم سے شہر کا موسم نہایت خوشگوار بنا ہوا ہے لیکن اس کے باوجود گرمی کی حدت محسوس کی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو یوم کے دوران موسم کی یہی صورتحال رہے گی اور بعض مقامات پر بوند باندی کا بھی امکان ہے۔ماہ مارچ کے ابتدائی ایام سے ہی شروع ہونے والی شدید گرمی کے سبب شہر میں درجہ حرارت 37ڈگری کے قرب پہنچ چکا تھا لیکن گذشتہ دو یوم کے دوران شہر کے درجہ حرارت میں 2ڈگری تک کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق جمعرات تک شہر میں مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران درجہ حرارت میں مزید 1ڈگری کی گراوٹ ریکارڈ کی جا سکتی ہے لیکن جمعرات کے بعد سے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا جو کہ اندرون ایک ہفتہ 38ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔شہری علاقوں میں موسم گرما کے دوران اچانک موسمی تبدیلی کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ محکمہ موسمیات نے ماہ مارچ کے دوران اس طرح کے موسم کی پیش قیاسی کی تھی اور توقع کے مطابق ہی موسم میں خوشگوار تبدیلی دیکھی جا رہی ہے اور آئندہ دنوں میں بھی موسم میں تبدیلی ریکارڈ کی جائے گی۔دوشنبہ کی شب شہر کے اطراف کے بعض علاقو ںمیں سرد ہوائیں چلنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اورتوقع ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران بھی ان ہوائوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ وقارآباد‘ چیوڑلہ‘ تانڈور‘ شمس آباد اور شاد نگر میں بھی دن میں اور رات کے اوقات میں مطلع ابرآلود رہا جس کے سبب موسم خوشگوار ہوگیا۔ماہرین کے مطابق موسم میں اس طرح کی تبدیلی صحت کے لئے مضر ہوتی ہے کیونکہ گرما کے سبب ٹھنڈے مشروبات اور پانی کے استعمال میں اضافہ کے دوران اگر موسم میں اچانک تبدیلی رونما ہوتی ہے تو اس کے انسانی جسم پر منفی اثرات مرتب ہونے لگتے ہیں لیکن گذشتہ دو یوم کے دوران جو موسم کی صورتحال ہے وہ خوشگوار ہے اور اس صورتحال کے منفی اثرات بہت کم واقع ہوتے ہیں۔شہر میں موسم خوشگوار ہونے کے سبب شہریوں کو کچھ حد تک گرمی سے راحت ملنے لگی ہے لیکن یہ راحت دیرپا نہیں ہوگی بلکہ دو دن بعد موسم گرمادوبارہ عروج پر پہنچنا شروع ہو جائے گا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT