Tuesday , August 22 2017
Home / ہندوستان / دو دن میں دلتوںپر دو حملے‘آر ایس ایس کی جانب سے مذمت، سخت کارروائی کا مطالبہ

دو دن میں دلتوںپر دو حملے‘آر ایس ایس کی جانب سے مذمت، سخت کارروائی کا مطالبہ

نئی دہلی ۔ 8اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) دلتوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے آر ایس ایس نے آج اسے ’’ غیرانسانی‘‘ تشدد قرار دیا اور ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصرکے خلاف جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اعتماد کو متاثر کرنے کی کوشش کررہے ہیں ‘ سخت کارروائی کی جائے ۔ آر ایس ایس سے ملحق وشوا ہندو پریشد نے تاہم عہد کیا کہ گائے کے تحفظ سے متعلق اپنا کام جاری رکھے گی ۔ وی ایچ پی نے کہا کہ وہ طویل عرصہ سے یہ کام کرتے آرہے ہیں اور اُسے جاری رکھیں گے ۔ آر ایس ایس کے معتمد عمومی بھیاجی جوشی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم سماج کے تمام طبقوں سے اپیل کرتے ہیں کہ اُن عناصر سے ہوشیار رہیں جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اعتماد کے ماحول کو زہریلا بنا دینا چاہتے ہیں ۔ ایسے افراد اور گروپس قانون شکن ہے ۔ نمایاں طور پر آر ایس ایس نے کل ایک بیان جاری کرتے ہوئے دلتوں پر حملوں کی مذمت کی تھی ۔ بھیاجی جوشی نے کہا کہ قانون کو اپنے ہاتھوں میںلیکر دلتوں کو ہراساں کرنا نہ صرف غیرقانونی بلکہ غیرانسانی بھی ہے ۔ دلتوں اور مسلمانوں پر گاؤ رکھشکوں کے حملوں پرتبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے وی ایچ پی کے جوائنٹ جنرل سکریٹری سریندر جین نے کہا کہ اس معاملہ پر بہت زیادہ تنازعہ ہے ۔ ہم اس معاملہ پر تبصرہ کرنا نہیں چاہتے تاہم ‘ تحفظ گائے کا کام طویل عرصے سے جاری ہے اور ہم اسے جاری رکھیں گے ۔ آر ایس ایس اور وی ایچ پی کے تبصرے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے گائے کے تحفظ کے بہانے دلتوں پر تشدد کے خاطیوں کی سرزنش کرتے ہوئے دیئے ہوئے بیان کے پس منظر میں اہمیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے ریاستوں سے خواہش کی تھی کہ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کریں ۔ بھیاجی جوشی نے کہاکہ کئی سیاسی پارٹیاں اور قائدین جن کا تعلق مختلف ذاتوں سے ہیں صورتحال کو نامکمل معلومات کی بناء پر غیر یقینی بنانا چاہتے ہیں ۔ یہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے سازگار نہیں ہے ۔ آر ایس ایس تمام سیاسی پارٹیوں اور مختلف صدور سے اپیل کرناچاہتی ہے کہ صورتحال کو معمول کے طور پر عوام کے تعاون کے ذریعہ غیر یقینی نہ بنایا جائے بلکہ متاثرین سے ہمدردی کی جائے ۔

TOPPOPULARRECENT