Thursday , August 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / دو دن میں دو باکسرز مقابلوں کے بعد فوت

دو دن میں دو باکسرز مقابلوں کے بعد فوت

سڈنی ، 17 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) باکسنگ کی دنیا میں دو دن میں دو باکسرز فائٹ کے دوران ناک آؤٹ ہونے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد آسٹریلین میڈیکل اسوسی ایشن نے باکسنگ پر پابندی کا مطالبہ کردیا ہے۔ جمعرات کو جنوبی افریقہ کے باکسر موانیلے کومپولو فریرے میں منعقدہ فائٹ کے پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہو گئے۔ سفاناتھی کمپی کے پنچ کے بعد وہ رنگ میں گر گئے اور اسپتال منتقل کرنے پر ان کے کوما میں جانے کی تشخیص ہوئی۔ اس کے بعد وہ دوبارہ ہوش میں نہ آ سکے اور زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس سے قبل منگل کو 28 سالہ آسٹریلیائی باکسر ڈیوے براؤن جونیئر چار دن تک موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔ گزشتہ جمعہ کو علاقائی سطح کی ٹائٹل فائٹ میں ڈیوے کا مقابلہ فلپائن کے کارلو مگالی سے تھا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھا گیا۔ وہ 12 راؤنڈ پر مشتمل فائٹ کے آخری راؤنڈ کے اختتام سے 30 سکنڈ قبل ناک آؤٹ ہو گئے جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ چار دن تک دواخانے میں زیر علاج رہنے کے بعد منگل کو دم توڑ گئے۔ آسٹریلین میڈیکل اسوسی ایشن نے ڈیوے کی موت کے بعد باکسنگ پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ چھ ماہ قبل کوئنز لینڈ کے باکسر بریڈن اسمتھ بھی ناک آؤٹ ہونے کے بعد دم توڑ گئے تھے۔

TOPPOPULARRECENT