Friday , May 26 2017
Home / جرائم و حادثات / دو سارقین بشمول گھریلو ملازمہ گرفتار، 11لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد

دو سارقین بشمول گھریلو ملازمہ گرفتار، 11لاکھ مالیتی مسروقہ مال برآمد

حیدرآباد۔/5مئی، ( سیاست نیوز) ویسٹ زون پولیس نے سرقہ میں ملوث گھریلو ملازمہ کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے لاکھوں روپئے مالیتی طلائی زیورات برآمد کرلیئے۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشورراؤ نے بتایا کہ 3 مئی کو ایم ایل اے کوارٹرس ایرم منزل کے ساکن رام بابو نے ایک شکایت درج کروائی جس میں انہوں نے بتایا کہ مکان میں ان کی عدم موجودگی کے دوران نامعلوم افراد نے الماری کھول کر 23 تولے طلائی زیورات اور دیگر اشیاء کا سرقہ کرلیا۔ پولیس پنجہ گٹہ نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا اور شبہ کی بنیاد پر گھریلو ملازمہ ایم سجاتا کو حراست میں لیا گیا اور تفتیش کے دوران اس نے سرقہ میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے۔ ایس آر نگر پولیس نے بھی ایک سارق کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ ڈی سی پی ویسٹ زون نے بتایا کہ 3 مئی کو چھوٹا بازار گولکنڈہ کے ساکن شیخ محمد اسمعیل نے ایک شکایت میں بتایا کہ او ایل ایکس ڈاٹ کام ویب سائیٹ پر انہوں نے ٹوئیٹا کار کی فروخت کا ایک اشتہار دیکھا اور اس سلسلہ میں سرینواس نامی شخص کے موبائیل فون پر ربط پیدا کیا۔ 18 اپریل کو مذکورہ شخص نے ٹوئیٹا کار لے کر لنگر حوض کے قریب پہنچا اور اس کار کی اسمعیل نے ویڈیو تصاویر لئے۔ سرینواس نے ایر پورٹ جانے کے بہانے اندرون دس منٹ وہ وہاں سے روانہ ہوگیا اور دوسرے دن کار کے دستاویزات بتاتے ہوئے 2ہزار روپئے حاصل کرلئے۔ اسمعیل سرینواس پر بھروسہ کرکے اس کے ہمراہ ایس آر نگر پہنچے جہاں پر کار خریدنے کیلئے 5 لاکھ روپئے سرینواس کے حوالے کئے۔ ایس بی آئی بینک بلکم پیٹ کے قریب اسے چھوڑنے کی درخواست کی۔ سرینواس نے کچھ فاصلے تک گاڑی چلانے کے بعد اسمعیل کو گاڑی چلانے کیلئے کہا اور وہ گاڑی سے اتر رہے تھے کہ سرینواس نے گاڑی کے ساتھ وہاں سے راہ فرار اختیار کرلی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے سرینواس کا پتہ چلایا اور مسروقہ رقم برآمد کرلی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT