Sunday , August 20 2017
Home / جرائم و حادثات / دو ڈاکٹرس ایک دوسرے کی فائرنگ میں زخمی ‘حمایت نگر میں ڈرامائی واقعہ سے سنسنی

دو ڈاکٹرس ایک دوسرے کی فائرنگ میں زخمی ‘حمایت نگر میں ڈرامائی واقعہ سے سنسنی

حیدرآباد۔ 8 فروری (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ حمایت نگر میں پیش آئے ایک سنسنی خیز واقعہ میں ایک ڈاکٹر نے دوسرے ڈاکٹر کو گولی مار کر زخمی کردیا۔ تفصیلات کے بموجب یہ واقعہ نارائن گوڑہ پولیس اسٹیشن حدود میں آج شام اُس وقت پیش آیا جب ڈاکٹر شیو کمار نے اپنے ساتھی ڈاکٹر اُدئے کمار پر ریوالور سے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ ڈاکٹر شیو کمار ساکن چیتنیہ پوری، ڈاکٹر اُدئے کمار ساکن مادھاپور اور ڈاکٹر سائی کمار تینوں نے مل کر مادھاپور علاقہ میں گزشتہ سال لاریل ہاسپٹل قائم کیا۔ دواخانہ کے آغاز میں تاخیر کے سبب تینوں ڈاکٹرس مقروض ہوگئے تھے جس کی وجہ سے ڈاکٹر اُدئے کمار نے ایک این آر آئی کی مدد سے دواخانہ قائم کیا اور اس این آر آئی کو دواخانہ میں شراکت دار بنایا۔ ڈاکٹر سائی کمار کے اس اقدام پر تینوں ڈاکٹرس میں شدید اختلاف پیدا ہوگیا چنانچہ مذکورہ ڈاکٹرس نے آج حمایت نگر پہونچ کر پہلے ایک ہوٹل میں اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے بیٹھک کی لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہ ہونے پر حمایت نگر اسٹریٹ نمبر 6 میں واقع ایک اپارٹمنٹ کے روبرو کار میں بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا۔ بات چیت کے دوران ڈاکٹر شیو کمار اور اُدئے کمار میں لفظی جھڑپ ہوگئی جس کے سبب ڈاکٹر شیو کمار جو عقبی نشست پر بیٹھا ہوا تھا، ڈرائیونگ نشست پر بیٹھے ہوئے ڈاکٹر اُدئے کمار پر قریبی فاصلے سے فائرنگ کردی۔ اس واقعہ میں اُدئے کمار شدید زخمی ہوگیا اور اسے حیدر گوڑہ اپولو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون مسٹر وی بی کملاسن ریڈی نے بتایا کہ ڈاکٹر اُدئے کمار پر فائرنگ کرنے کے بعد ڈاکٹر شیو کمار اور سائی کمار وہاں سے فرار ہوگئے۔ نارائن گوڑہ پولیس نے اس واقعہ سے متعلق ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم ڈاکٹرس کی تلاش کا آغاز کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT