Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / دو کانسٹیبلس کو کانگریس کے نقد انعامات

دو کانسٹیبلس کو کانگریس کے نقد انعامات

فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال ‘جانا ریڈی و محمد علی شبیرنے ستائش کی
حیدرآباد ۔ یکم جولائی ( این ایس ایس ) فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے اقدام کے طور پر تلنگانہ اسمبلی اور کونسل میں قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی اور محمد علی شبیر نے کالا پتھر پولیس اسٹیشن سے وابستہ دو پولیس کانسٹیبلس آر وینکٹیش نائک اور وی پرتاپ سنگھ کو فی کس 5,000 روپئے کا انعام پیش کیا ۔ ان دونوں پولیس کانسٹیبلس نے نماز عیدالفطر کے موقع پر بہترین جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کیا تھا ۔ یہ لوگ میر عالم عیدگاہ کے قریب متعین تھے اور جب نماز پڑھی جا رہی تھی ‘ مصلیان کے بچھائے گئے کاغذ اور کارڈ بورڈز کے جانماز ہوا سے اڑ گئے تھے تاہم یہاں متعین ان کانسٹیبلس نے ان جانمازوں وغیرہ کو درست کیا تھا ۔ ان دونوں کانسٹیبلس نے ان جانمازوں کو اڑنے سے بچانے کیلئے اپنی پولیس کی ٹوپیاں اس پر رکھ دی تھیں ۔ حالانکہ قوانین کے مطابق انہیں ڈیوٹی پر اپنی ٹوپیاں اتارنے کی اجازت نہیں رہتی لیکن ان دونوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال پیش کی تھی ۔ جانا ریڈی اور محمد علی شبیر نے کہا کہ دوسروں کے مذاہب کا احترام کرنے کے جذبات کی قدر کی جانی چاہئے ۔ کانگریس قائدین نے سٹی پولیس کمشنر مہیندر ریڈی اور ان کی ٹیم کی ستائش کی جس نے نماز عیدالفطر کیلئے عیدگاہ میرعالم کے اطراف بہترین انتظامات کئے تھے ۔

شمس آباد ایرپورٹ میں نمبر پلیٹ تبدیلی والی ٹیکسی ضبط
شمس آباد یکم جولائی ( سیاست نیوز ) شمس آباد آر جی آئی ٹرافک پولیس نے ایک ٹیکسی کار کو ضبط کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب کار نمبر AP09A-7281 ٹیکسی پلیٹ کو کار ڈرائیور محمد غوث 24 سالہ ساکن چنتل میٹ راجندر نگر سفید نمبر پلیٹ لگاکر ایرپورٹ میں مسافرین کو لے کر جارہا تھا کہ اسے روک کر تفصیلات حاصل کرنے پر پتہ چلا کہ یہ ٹیکسی کار ہے جس کا فٹنس ، انشورنس ، پولوشن اور ٹیکسی پیڈ سرٹیفیکٹ بھی نہیں ہے جس پر کار کو ضبط کیا گیا اور ڈرائیور کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT