Thursday , August 17 2017
Home / کھیل کی خبریں / دو کمزور ٹیموں کے درمیان موہالی میں آج طاقت آزمائی

دو کمزور ٹیموں کے درمیان موہالی میں آج طاقت آزمائی

کوہلی کی بدولت آر سی بی کو بیٹنگ میں برتری، پنجاب کنگس الیون کو بولنگ پر عبور
موہالی۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کے رواں سیزن میں پے در پے شکست سے دوچار دو ٹیمیں کنگس الیون پنجاب اور رائیل چیلنجرس بنگلور کل یہاں ہونے والے ایک مقابلے میں سخت محنت کے ساتھ جیت کے راستہ پر واپسی کیلئے بے چین ہیں۔ آئی پی ایل کے 9 ویں ایڈیشن میں دونوں ہی ٹیمیں کنگس الیون اور رائیل چیلنجرس ٹورنمنٹ میں بقاء کیلئے سخت جدوجہد میں مصروف ہیں اور یہ بھی اتفاق ہے کہ ان دونوں کو گزشتہ روز سخت محنت کے سبب ایسے وقت کامیابیاں ملیں جب انہیں ان کی شدید ضرورت تھی۔ آر سی بی نے رائزنگ پونے سوپر جیئنس کو شکست دے کر اپنی مسلسل تین ناکامیوں کا سلسلہ ختم کیا۔ دوسری طرف کنگس الیون پنجاب نے دہلی ڈیر ڈیولس کو شکست دی۔ اس ٹورنمنٹ میں اس کی یہ تیسری کامیابی تھی۔ کنگس الیون 9 میچوں میں حاصل ہونے والے چھ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سب سے نیچے کے مقام پر ہے جبکہ آر سی بی آٹھ میچوں میں چھ پوائنٹس کے ساتھ اس سے ایک مقام اوپر ہے۔دونوں ہی ٹیمیں مزید کسی ناکامی کی متحمل نہیں ہوسکتی  چنانچہ ٹورنمنٹ میں برقراری کے لئے اب یہاں سے جیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر توجہ مرکوز کریں گی تاہم کنگس الیون کے لئے یہ اتنا آسان بھی نہیں ہے۔ آر سی بی کے طاقتور بیٹنگ لائن اپ میں کپتان ویراٹ کوہلی، کرس گیل، اے بی ڈی ویلرس اور شان واٹسن جیسے عالمی کرکٹ کے چند تباہ کن بیٹسمین ہیں۔

شائقین کو کل کے مقابلے کا انتظار ہے جس میں تمام نظریں آر سی بی کپتان ویراٹ کوہلی پر مرکوز رہیں گی کیونکہ رواں آئی پی ایل سیریز میں ان کے جارحانہ کھیل نے مخالفین کو دَم بخود کر رکھا ہے۔ آر سی بی کیلئے کوہلی ’’مین آف دی مومنٹ‘‘ کی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ آر سی بی نے گزشتہ روز رائزنگ سوپر جیئنٹس پونے کے خلاف محض 58 گیندوں میں کوہلی کے 108 رن کے سبب حیرت انگیز کامیابی حاصل کی تھی۔ کوہلی نے اپنی ٹیم کی کامیابی کیلئے 192 رنز کے بھاری ہدف کو حاصل کرنے کیلئے ابتداء سے پُرعزم انداز میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور یہ سلسلہ آخر گیند تک جاری رکھا جس کی بدولت آر سی بی شدت سے مطلوب کامیابی حاصل کرسکی تھی۔ کوہلی 541 رنز کے انفرادی اسکور کے ساتھ بھاری اکسور بنانے والے سرکردہ بیٹسمین میں سرفہرست ہیں۔ ان کے کھاتہ میں دو سنچریاں اور چار نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ کل کا مقابلہ کنگس الیون پنجاب کے بولرس کیلئے کوہلی اینڈ کمپنی کو رنز بنانے سے روکنے کی کوششوں میں تیزابی امتحان ثابت ہوسکتا ہے۔ مزید برآں موہالی میں کل ہونے والا یہ دلچسپ میچ دراصل پنجاب کے بولرس اور بنگلور کے بیٹسمین کے درمیان راست مقابلہ بھی ہوگا۔ جو بھی ٹیم اپنی مہارت سے بھرپور استفادہ کرے گی، وہی فاتح کی حیثیت سے ابھرے گی۔

TOPPOPULARRECENT