Thursday , August 24 2017
Home / ہندوستان / دھرم شالہ میں ہند۔پاک میچ شیڈول کے مطابق

دھرم شالہ میں ہند۔پاک میچ شیڈول کے مطابق

بی سی سی آئی کا موقف،پاکستانی کرکٹ ٹیم کی آج آمد
نئی دہلی 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ورلڈ ٹوئنٹی 20 کرکٹ میچ جس کا بے صبری سے انتظار ہے، پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق دھرمشالا میں ہی منعقد کیا جائے گا، ٹورنمنٹ ڈائرکٹر ایم وی سریدھر نے یہ بات کہی۔ انھوں نے وزارت داخلہ کے معتمد خصوصی (داخلی سلامتی) ایم کے سنگلا اور دیگر کے ساتھ یہاں ایک میٹنگ کے بعد کہاکہ یہ میچ برقرار ہے۔ ریاستی اور مرکزی حکومتوں میں تال میل قائم ہے اور تمام سکیوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ پاکستان 19 مارچ کو ہندوستان کے خلاف ہماچل پردیش کے دھرمشالا میں کھیلے گا۔ ریاست کے اس پہاڑی مقام پر یہ میچ کے انعقاد کی بعض ریاستی گوشوں سے مخالفت ہورہی ہے، جن میں سابق فوجی شامل ہیں۔ آج کی میٹنگ میں حکومت ہماچل پردیش کے نمائندے بھی موجود تھے۔ دھرمشالا میچ کے علاوہ پاکستان کے دیگر مقابلے کولکاتا، موہالی اور پنجاب میں بھی مقرر ہے۔ اس دوران پاکستان ورلڈ ٹی 20 ٹیم کل دوپہر لاہور سے نئی دہلی کیلئے روانہ ہوگی۔ حالانکہ ٹیم کو سیکوریٹی کلیئرنس کے تعلق سے غیر یقینی کیفیت پائی جاتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ تمام کھلاڑیوں اور عہدیداروں کو آج رات نیشنل کرکٹ اکیڈیمی رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پاکستانی ٹیم دہلی سے کولکتہ پہنچے گی جہاں کھلا میڈیا سیشن ہوگا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف وارم اپ میچ ہوگا ، اس کے بعد ٹیم دھرم شالہ کیلئے روانہ ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT