Tuesday , October 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / دھونی ، سہواگ ،آفریدی اور مکالم آج ایکشن میں

دھونی ، سہواگ ،آفریدی اور مکالم آج ایکشن میں

نئی دہلی ۔ 16 سپٹمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کل لندن میں کھیلے جارہے ایک چیاریٹی میچ کے دوران ایکشن میں نظر آئیںگے اور یہ مقابلہ کل لندن کے مقام کیااوول میں کھیلا جارہا ہے اور اس کامقصد برطانوی فوج کے افراد خاندان کو مالی تعاون فراہم کرنا ہے ۔ دھونی جنھوں نے حالیہ دنوں میں ہندوستانی فوج کے ایلائٹ پیرا بریگیڈ کے ساتھ اپنی ٹریننگ مکمل کی ہے وہ اُن کھلاڑیوں کے ساتھ اس مقابلے میں شامل ہوں گے جن میں قابل ذکر ہندوستانی ٹیم کے سینئر اوپنر ویریندر سہواگ ، پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی ، نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مکالم اور جنوبی افریقہ کے سابق جارحانہ اوپنر ہرشل گبس ہیں ۔ کرکٹ فار ہیروز کے عنوان کے تحت کھیلے جارہے اس مقابلے کی ورلڈ الیون ٹیم میں برینڈن مکالم ، میتھیو ہیڈن ، مہیلا جیا وردھنے ، گرائم اسمتھ ، اسکاٹ اسٹائرس اور ڈینیل ویٹوری قابل ذکر ہیں ۔ ٹیم کی کوچنگ گیری کرسٹن کررہے ہیں جبکہ ٹیم کے منیجر ہندوستانی سابق کپتان سنیل گواسکر ہیں ۔ اس چیاریٹی مقابلے سے قبل ہندوستانی ٹیم کے کپتان دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ ایک اعزازی عشائیہ میں شرکت کریں گے جس کے میزبان مائیکل فالن ہیں ۔ اس تقریب میں برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون بھی مہمان خصوصی ہوں گے ۔ اس چیاریٹی مقابلے کے انعقاد کا اصل مقصد برطانوی افواج کے افراد خاندان جوکہ مختلف سرگرمیوں میں زخمی یا پھر معذور ہوئے ہیں انھیں مالی تعاون فراہم کرنا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب اس چیاریٹی مقابلے کے ذریعہ جو آمدنی حاصل ہوگی اس کا 30 فیصد حصہ بین الاقوامی سطح پر مدعو کئے گئے کھلاڑیوں کو فراہم کیا جائے گا ۔ مابقی فنڈ برطانوی فوج کیلئے مختص کردیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT