Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / دھونی نے پونٹنگ کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا

دھونی نے پونٹنگ کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا

ہرارے ۔23 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے زمبابوے کو تیسرے ٹوئنٹی 20 میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دینے کے علاوہ سیریز بھی 2-1  سے جیت لی اور کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ایک عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔دھونی نے آسٹریلیائی سابق کپتان رکی پونٹنگ کا سب سے زیادہ 324 بین الاقوامی مقابلوں میں قیادت کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔دھونی پہلے ہی ہندوستان کے سب سے زیادہ میچوں میں قیادت کرنے کے علاوہ کامیاب ترین کپتان بھی ہیں جہاں وہ 60 ٹسٹ میچوں میں سے 27 جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔دھونی کو 194 ونڈے میچوں میں سے 107 اور 70  ٹوئنٹی 20 میچوں میں سے 41 میں کامیابی حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔دریں اثناء رکی پونٹنگ 77 ٹسٹ، 230 ونڈے اور 17  ٹوئنٹی20  میچوں میں قیادت کرنے کا منفرد اعزاز رکھتے ہیں۔اس کے علاوہ 300 میچوں میں قیادت کا اعزاز صرف نیوزی لینڈ کے اسٹیفن فلیمنگ کو حاصل ہے جنہوں نے مجموعی طور پر 303 میچوں میں اپنی ٹیم کی قیادت کی ہے۔رکی پونٹنگ کو بحیثیت کپتان سب سے زیادہ میچوں میں فتوحات کا اعزاز حاصل ہے جہاں مجموعی طور پر انہوں نے 220 میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ دھونی نے 175 اور جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گرائم اسمتھ نے 163 میچوں میں فتوحات حاصل کی ہیں۔ لیکن 2019 ورلڈ کپ تک کھیلنے کا عزم ظاہر کرنے والے ہندوستانی کپتان دھونی  یقیناً جلد ہی یہ اعزاز اپنے نام کر لیں گے جب ستمبر اکتوبر میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ہندوستان کا دورہ کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT