Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / دہشت گردوں کو اپنی مساجد سے نکال باہر کریں

دہشت گردوں کو اپنی مساجد سے نکال باہر کریں

مسلم رہنماؤں کو ٹرمپ کا سخت پیام ، ایران کو عالمی سطح پر یکا و تنہا کرنے پر زور

ریاض ۔ /21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے قائدین پر زور دیا ہے کہ وہ اس علاقہ سے ابھرنے والے اسلامی انتہاپسندی کے بحران سے نمٹیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی مغرب اور اسلام کے مابین نہیں بلکہ یہ نیکی اور بدی کے درمیان لڑائی ہے ۔ انہوں نے 50 سے زائد عرب اور مسلم رہنماؤں سے ملاقات کے دوران دہشت گردی کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے اس علاقہ میں امریکہ کے نئے رول کی بھی وضاحت کی ۔ ٹرمپ نے واضح طور پر کہا کہ ہم یہاں لکچر دینے نہیں آئے ۔ ہم یہ کہنے کیلئے بھی نہیں آئے کہ عوام کو کس طرح زندگی گزارنی چاہئیے ۔ انہیں کیا کرنا چاہئیے ۔ انہیں کیسی عبادت کرنی چاہئیے ۔ اس کے برعکس ہم باہمی مفادات اور اقدار پر مبنی پارٹنرشپ کی پیشکش کرتے ہیں تاکہ ہم سب کا ایک بہتر مستقبل یقینی ہوسکے ۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ ملکر کام کرنے کا عہد کیا اور انہوں نے مسلم قائدین سے انتہاپسندی کے خلاف جارحانہ موقف اختیار کرنے کی خواہش کی ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو اپنی عبادتگاہوں سے نکال باہر کیجئے ۔ انہیں اپنے سماج سے باہر نکالئے ۔ ٹرمپ نے ایران پر بھی شدید تنقید کی جو علاقہ میں تباہی اور افراتفری مچارہا ہے ۔ ٹرمپ کے تبصرہ کی شاہ فہد نے بھی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ہی عالمی سطح پر دہشت گردی کو فروغ دیا ہے ۔ ٹرمپ نے مسلم ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ انتہاپسندوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کریں ۔ انہوں نے ایران کو بین الاقوامی سطح پر یکا و تنہا کرنے پر زور دیا اور اس پر فرقہ واری تقسیم و دہشت گردی کو بھڑکانے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لبنان سے لیکر عراق تک ، یمن تک ، ایران فنڈس ، اسلحہ اور دہشت گردوں کو تربیت دے رہا ہے ۔ اس کے علاوہ ان انتہاپسند گروپس کو بھی جو علاقہ میں تباہی مچارہے ہیں ایران ان کی مدد کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ایران امن کیلئے شراکت دار نہیں بنتا دیگر تمام ممالک کو چاہئیے کہ وہ ملکر اسے یکا و تنہا کریں اور اس دن کیلئے دعا کریں کہ ایرانی عوام ایک بہتر حکومت کا انتخاب کرے جس کا وہ مستحق ہے ۔

سعودی عرب میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے پیشرفت حوصلہ افزاء:ایونکا
ریاض ۔ /21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایونکا نے آج کہا کہ قدامت پسند سعودی عرب میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے پیشرفت حوصلہ افزاء ہے لیکن مزید آزادی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ کے دوران سعودی عرب نے جو پیشرفت کی وہ کافی حوصلہ افزاء رہی ۔ انہوں نے ریاض میں سعودی خواتین کے مختلف گروپس سے ملاقاتیں کیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو آزادی اور مواقع فراہم کرنے کیلئے مزید بہت کیا جانا چاہئیے ۔ ایونکا نے پرنسس ریما بنت باندر نائب صدر ویمنس اسپورٹس اتھارٹی کی زیرقیادت راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں خواتین کو غیرمعمولی حقوق اور آزادی حاصل ہے ، انہیں بھی جدوجہد کرنی چاہئیے۔

TOPPOPULARRECENT