Thursday , August 24 2017
Home / دنیا / دہشت گردی پر مودی کے ریمارکس ،پاکستان کو چین کی تائید

دہشت گردی پر مودی کے ریمارکس ،پاکستان کو چین کی تائید

بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی عظیم قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہئے : ترجمان
بیجنگ ۔ 17 اکتوبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پاکستان کو ’’دہشت گردی کی ماں‘‘ قرار دیئے جانے کے ایک دن بعد چین نے اپنے سکھ دکھ کے ساتھی حلیف ( پاکستان ) کی آج بھرپور مدافعت کی اور کہا کہ وہ ( چین ) دہشت گردی سے کسی بھی ملک یا مذہب کو مربوط کرنے کا مخالف ہے اور عالمی برداری پر زور دیا کہ  دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کی ’’عظیم قربانیوں‘‘ کا اعتراف کیا جائے ۔ گوا میں منعقدہ بریکس چوٹی کانفرنس کے دوران وزیراعظم مودی کی جانب سے پاکستان کے خلاف اس ریمارک کے بارے میں ایک سوال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ نے کہاکہ چین کسی بھی ملک یا مذہب کو دہشت گردی سے مربوط کرنے کا سخت مخالف ہے ۔ انھوں نے مزید کہاکہ ہندوستان مخالف دہشت گرد گروپوں کی تائید و امداد کے مسئلہ پر مودی کی جانب سے پاکستان کی مذمت کے بارے میں ایک سوال پر خاتون ترجمان نے کہاکہ ’’دہشت گردی سے مقابلہ کے سوال پر چین اپنے موقف پر اٹل ہے اور اسی انداز میں ہم کسی بھی مخصوص ملک یا مذہب کو دہشت گردی سے مربوط کرنے کے مخالف ہیں‘‘ ۔ ہوا چن ینگ نے مزید کہاکہ ’’ہم ہرقسم کی دہشت گردی کے مخالف ہیں اور ہمارا ایقان ہے کہ تمام ملکوں کی سلامتی و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے بین الاقوامی سطح پر مربوط و مبسوط مساعی کی جائے ۔ ہم کسی مخصوص مذہب یا نسلی گروپ کو دہشت گردی سے مربوط کرنے کے مخالف ہیں ۔ یہ ہمارا دیرینہ موقف ہے پاکستان اور چین ہرموسم کے دوست ہیں‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں اور اسلام آباد نے دہشت گردی کی سرکوبی کے لئے عظیم قربانی دی ہے جنھیں ساری عالمی برادری کی طرف سے تسلیم کیا جاناچاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT