Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / دہشت گردی کیخلاف باہمی تعاون میں اضافہ سے اتفاق

دہشت گردی کیخلاف باہمی تعاون میں اضافہ سے اتفاق

اسرائیل سے روابط اولین ترجیح ، سشما سوراج کی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات ۔ ہولوکاسٹ مہلوکین کو خراج

یروشلم ۔ 18 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور اسرائیل نے دہشت گردی سے درپیش چیلنجس کا ذکر کرتے ہوئے اس لعنت سے نمٹنے کے لئے باہمی ربط کو مزید مستحکم بنانے سے اتفاق کیاہے ۔ وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج نے آج اسرائیلی قیادت سے ملاقات کی اور باہمی و علاقائی اُمور پر وسیع تر تبادلۂ خیال کیا۔ سشما سوراج بحیثیت وزیر خارجہ مغربی ایشیاء کا پہلی مرتبہ دورہ کررہی ہیں۔ اُنھوں نے صدر ریون ریولین اور وزیراعظم بنجامن نتن یاہو کے علاوہ دیگر سرکردہ قائدین سے ملاقات کی ۔ سرکاری عہدیدار نے ان ملاقاتوں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل کے اطراف کے علاقے نازک حالات سے گذر رہے ہیں ۔ دہشت گردی سے لاحق خطرات نے اس تشویش کو اور بڑھادیا ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون میں اضافہ ضروری ہے۔ دونوں ممالک نے مستقبل میں اطلاعات کے تبادلے سے اتفاق کیا۔ صدر اسرائیل نے باہمی معاشی روابط میں مزید بہتری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو فری ٹریڈ اگریمنٹ (ایف ٹی اے ) جلد از جلد قطعیت دینا چاہئے ۔ سشما سوراج نے یادِ واشم کا دورہ کیا جہاں انھوں نے ہولوکاسٹ کے مہلوکین کو خراج پیش کیا۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کو اعلیٰ ترین اہمیت دیتا ہے ۔ وزیر اعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو سے باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیلئے ملاقات سے قبل دونوں قائدین نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔ نتن یاہو نے کہا کہ انہیں وزیر خارجہ ہند کا خیرمقدم کرتے ہوئے انتہائی مسرت ہے کیونکہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کو اپنا اچھا دوست اورساتھی سمجھتے ہیں ۔ دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعلقات اس بات کا ثبوت ہیں۔ دونوں ممالک اپنے روابط اور تعاون میں سائنس وٹکنالوجی ‘ سائبر ‘ دفاع اور زراعت کے شعبوں میں اضافہ کررہے ہیں ۔ سشما سوراج اسرائیل میں مقیم ہندوستانی برادری سے بھی ملاقات کریں گی یہاں ہندوستانی یہودی فرقہ چار گروپس میں پائے جاتے ہیں جن کی تعداد تقریباً 80ہزار ہے۔

TOPPOPULARRECENT