Thursday , September 21 2017
Home / Top Stories / دہشت گردی کے خلاف ہند ۔ چین اتحاد ضروری: پرنب مکرجی

دہشت گردی کے خلاف ہند ۔ چین اتحاد ضروری: پرنب مکرجی

چار روزہ سرکاری دورہ چین پر روانگی سے قبل صدرجمہوریہ کا بیان، حساس مسائل پر بھی چینی قیادت سے بات چیت

نئی دہلی ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی کے کل چار روزہ چین پر روانگی سے قبل اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے دورہ کا مقصد ایشیاء کے دونوں بڑے ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں تعلقات میں وسعت پیدا کرنا ہے۔ علاوہ ازیں چینی قیادت سے کئی اہم اور حساس مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ امکان ہیکہ پرنب مکرجی جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر پر امتناع عائد کرنے کی اقوام متحدہ کی قرارداد کو روک دینے کی چین کی کارروائی، اور حساس سرحدی تنازعہ پر بات چیت کریں گے۔ صدرجمہوریہ امکان ہیکہ صدر چین ژی جن پنگ، وزیراعظم لی کیقیانگ اور دیگر اعلیٰ سطحی قائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔ بحیثیت صدر پرنب مکرجی کا یہ اولین دورہ چین ہوگا۔ قبل ازیں وہ کئی بار مختلف حیثیتوں میں چین کا دورہ کرچکے ہیں۔ چین کا آخری صدارتی دورہ قبل ازیں 2010ء میں پرتیبھا پاٹل نے کیا تھا۔

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ژی کے دورہ ہند کے بعد عروج پذیر ہیں۔ ستمبر 2014ء میں ان کے دورہ کے موقع پر ہندوستان اور چین نے 12 معاہدوں پر دستخط کئے تھے۔ چین نے ہندوستان کے انفراسٹرکچر میں 20 ارب امریکی ڈالر مالیتی سرمایہ کاری کا تیقن دیا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی گذشتہ سال مئی میں چین کا دورہ کرچکے ہیں جس سے دونوں ممالک کے کئی مسائل کی یکسوئی ہوئی اور کئی شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات میں اضافہ ہوا۔ تاہم حال ہی میں چین نے جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر پر امتناع عائد کرنے کی اقوام متحدہ کی قرارداد کو سلامتی کونسل میں مسترد کردیا تھا جس کی وجہ سے تعلقات کشیدہ ہوگئے۔ چین کا کہنا ہیکہ اس کو این ایس جی کی رکنیت عطا کرنے کی بھی چین کی جانب سے مخالفت کی گئی تھی۔
چین کا استدلال ہیکہ اس گروپ کی رکنیت سے پہلے ہندوستان کو نیوکلیئر عدم پھیلاؤ معاہدہ پر دستخط کرنا چاہئے۔ پرنب مکرجی کے دورہ کا آغاز اعلیٰ سطحی صنعتی چینی شہر ہوانگ ژاو کے کل دورہ سے ہوگا۔ یہ شہر ہندوستان کے ساتھ مستحکم تجارتی تعلقات رکھتا ہے اور ہندوستانی معیشت میں اس کے ایک ٹریلین امریکی ڈالر سے زیادہ سرمایہ کاری ہوتی ہے۔ ہندوستانی برادری سے جس کے تین ہزار سے زیادہ بیوپاری موجود تھے، پرنب مکرجی نے کہا کہ ہند ۔ چین بزنس فورم کے مسائل کی یکسوئی کی جائے گی تاکہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جاسکے۔ صدر گورنر اور پارٹی سکریٹری سے بھی ملاقاتیں کریںگے جنہوں نے ان کے اعزاز میں ظہرانہ ترتیب دیا ہے۔ بعدازاں وہ بیجنگ کا دورہ کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT