Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / دہشت گرد انسانیت اور امن کے دشمن ، سماج کے لیے لعنت عنبر پیٹ میں پیرس حملہ کے خلاف ریالی ، حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیتہ العلماء کا خطاب

دہشت گرد انسانیت اور امن کے دشمن ، سماج کے لیے لعنت عنبر پیٹ میں پیرس حملہ کے خلاف ریالی ، حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیتہ العلماء کا خطاب

حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( پریس نوٹ ) : جمعیتہ علماء ہند کی جانب سے پورے ملک میں دہشت گردی کے خلاف احتجاج کیا گیا ہے ۔ دفتر جمعیتہ علماء تلنگانہ و اے پی مسجد زم زم باغ عنبر پیٹ سے ایک ریالی نکالی گئی جس میں مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیتہ علماء تلنگانہ و اے پی اور حافظ پیر خلیق احمد صابر کے علاوہ کثیر تعداد میں نوجوانان ملت موجود تھے اس ریالی میں داعش اور دہشت گردی کے خلاف نعرہ لگایا گیا ۔ اور کلکٹر آفس پہنچ کر میمورنڈم بھی پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر صدر جمعیتہ علماء تلنگانہ اے پی نے اپنے بیان میں فرانس کی راجدھانی پیرس پر دہشت گردانہ حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی چاہے کسی بھی شکل میں ہو کسی مہذب سماج میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہے ۔ دہشت گردی کا مقابلہ تمام امن پسندوں کو بلا امتیاز مذہب و فرقہ ، کرنے کے لیے آگے آنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اسلام کے دشمن ، دہشت گرد انسانیت اور امن کے دشمن ، دہشت گردی مذہب و سماج کی لعنت ہے ۔ دہشت گردی امن اور انسانیت کے لیے ایک لعنت اور فساد ہے ۔ ایسے گروپ کو جہادی اور دہشت گردی کو جہاد قرار دینا ایک شر انگیز عمل ہے ۔ دہشت گردی سراسر فساد ہے جب کہ جہاد ایک تعمیری عمل اور فساد کو ختم کرنے کے لیے ہوتا ہے ۔ فسادی جہادی نہیں ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیتہ علماء ہند ہمیشہ سے ہی دہشت گردی اور فرقہ پرستوں کے خلاف آواز اٹھاتی رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جمعیتہ علماء ہند کی جانب سے ملک کے مختلف صوبوں میں مخالف دہشت گردی کانفرنس منعقد کی اسی طرح شہر حیدرآباد میں 2008 میں نظام کالج گراونڈ میں اجلاس منعقد کیا گیا ۔ پورے ملک سے ہزاروں علماء نے شرکت کی اور متفقہ طور پر فیصلہ لیا گیا کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہے ۔ اس وقت دہشت گردانہ واقعات عالمی سطح پر ہورہے ہیں اور جمعیتہ علماء ہند ان دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے عالمی سطح پر احتجاج کرے گی انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ تلنگانہ و رائلسیما اور آندھرا کے کئی اضلاع میں ریاستی جمعیتہ علماء کے صدور نے اس کے خلاف احتجاج منظم کرتے ہوئے کلکٹر آفس پہنچ کر میمورنڈم پیش کیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT