Wednesday , June 28 2017
Home / Top Stories / دہشت گرد حملوں کے بعد مانچسٹر میں انسانی ہمدردی کے مناظر

دہشت گرد حملوں کے بعد مانچسٹر میں انسانی ہمدردی کے مناظر

مسلم ٹیکسی ڈرائیوروں نے مفت لفٹ دی، گردواروں نے لنگر کھول دیا، عام آدمیوں نے خون کا عطیہ دیا
مانچسٹر ۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی شہر مانچسٹر پر انسانیت دشمن دہشت گرد حملوں کے بعد مختلف گوشوں سے انسانیت دوستی، باہمی ہمدردی اور بھائی چارہ کے ناقابل فراموش مناظر دیکھے گئے۔ کئی افراد نے پریشان حال متاثرین کی مدد کی۔ سکھ گردواروں نے ضرورتمندوں کو غذا کی فراہمی کیلئے اپنے لنگر کھولے دیئے اور رات کے قیام کیلئے جگہ فراہم کی۔ دوردراز کے علاقوں میں رہنے والوں کو بحفاظت ان کے گھر پہنچانے کیلئے ٹیکسی ڈرائیورس بھی آگے آگئے۔ سکھ ڈرائیور اے جے سنگھ نے کہا کہ کئی افراد اپنے عزیزوں کی تلاش میں سرگرداں تھے، جنہیں میں نے دواخانہ پہنچایا۔ ان کے پاس پیسے نہیں تھے وہ خالی ہاتھ پھنسے ہوئے تھے۔ اسٹریٹ کارس مانچسٹر کے سیام ارشد نے اپنے تمام ڈرائیوروں کو ہدایت کی کہ وہ ویرینا گرینڈ کانسرٹ کے بعد پھنسے ہوئے افراد کو پیسے لئے بغیر مفت ان کے گھروں تک پہنچائیں۔ ارشد نے کہا کہ کئی شرکاء کمسن اور نوعمر تھے اور اپنے والدین یا سرپرستوں کے بغیر اس پروگرام میں پہنچے تھے‘‘۔ ارشد نے مزید کہا کہ ایسے بھی واقعات کا علم ہوا ہے کہ کئی کیب ڈرائیورس لیور پول جیسے دوردراز کے علاقہ سے مانچسٹر پہنچے اور پریشان حال افراد کو بلامعاوضہ لیورپول پہنچانے کی پیشکش کی۔

مانچسٹر دہشت گرد حملے میں 22 افراد ہلاک اور دیگر 59 زخمی ہوگئے۔ برطانوی ملکہ ایلزیبتھ، وزیراعظم تھریسامے، لیبر پارٹی لیڈر جریمی کورین، جرمن چانسلر انجیلا مرکل، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، فرانسیسی صدر میکرون، کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈیو، جاپان کے وزیراعظم شنزوابے اور دیگر عالمی قائدین نے بھی ان دہشت گرد حملوں کی مذمت کی ہے۔ انسانی ہمدردی کے واقعات سے متاثر ہوکر ایک مقامی خاتون ایمیلی بولٹن نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’مسلم ڈرائیورس مفت لفٹ دے رہے ہیں۔ سکھ گردوارے غذا اور بستر فراہم کررہے ہیں۔ مقامی افراد زخمیوں کیلئے خون کا عطیہ دے رہے ہیں۔ مانچسٹر کو اپنا شہر اپنا گھر دینے پر فخر محسوس ہورہا ہے‘‘۔ مانچسٹر کے میئر اسٹیو روٹرہام نے جن کی دو کمسن دختران اور دو بھتیجیاں بھی موسیقی کے پروگرام میں شریک تھیں، حملہ کے بعد عام آدمیوں کے خاص جذبے اور پریشان حال متاثرین کی مدد کی ستائش کی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT