Wednesday , July 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / دہلی اور پونے آج کامیابی کی سمت واپسی کیلئے کوشاں

دہلی اور پونے آج کامیابی کی سمت واپسی کیلئے کوشاں

پونے ۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انڈین پریمیئر لیگ میں اپنی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے ہمیشہ پیچھے رہی دہلی ڈیئر ڈیولس کو کل یہاں کامیابی کی سمت واپس آنے کے لئے رائزنگ پونے سوپرجائنٹس کے خلاف اس کے گھریلو میدان پر پورا زور لگانا ہوگا۔ پونے کی ٹیم نے آئی پی ایل میں اب تک دو مقابلے کھیلے ہیں جس میں اس نے پہلا میچ ممبئی انڈینس سے سات وکٹ سے جیتا تھا لیکن دوسرے ہی میچ میں وہ کنگز الیون پنجاب سے چھ وکٹ سے ہار گئی ۔ وہیں دہلی کا آغاز ہی ناقص رہا اور وہ اپنا پہلا ہی میچ رائل چیلنجرز بنگلور سے سخت جدوجہد کے باوجود15 رنوں سے گنوا بیٹھی۔ ظہیر خان کی زیر قیادت دہلی کا ٹوئنٹی 20 لیگ میں اب تک کا سفر کچھ خاص نہیں رہا ہے اور تجربہ کار کپتان اور راہول دراوڑ جیسے تجربہ کار کوچ کی رہنمائی کے باوجود وہ فاتحانہ آغاز نہیں کر سکی ہے ۔ اگرچہ گزشتہ میچ میں قریبی شکست کے باوجود دہلی کے لئے وکٹ کیپر رشبھ پنت نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے جس طرح نصف سنچری بنائی اس نے ٹیم کو ٹورنمنٹ میں آگے بہتر کارکردگی کی نئی امید جگائی ہے ۔ دہلی کے کپتان اور تجربہ کار فاسٹ بولر ظہیر نے بھی میچ میں پنت کے کھیل کی تعریف کی لیکن ٹیم کی کارکردگی سے صاف ہو گیا کہ اس کا بیٹنگ شعبہ کافی کمزور ہے جس میں نچلی صف کے کھلاڑیوں نے سب سے زیادہ مایوس کیا۔ پنت جہاں کریز کے ایک کونے پر کھڑے رہ کر رنز بنانے کی کوشش کر رہے تھے تو دوسری جانب چار بیٹسمینس 10 رنز بھی نہیں بناسکے ۔ ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ میں مسلسل چھکے لگا کر ویسٹ انڈیز کو عالمی فاتح بنانے والے کارلایس بریتھویٹ ضرورت کے وقت ایک رن ہی بنا سکے تو شہباز ندیم صفر، پیٹ کمنز چھ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ ظہیر نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ٹیم کے کھلاڑی پارٹنر شپس نہیں بنا سکے اور اس فتح کے قریب آکر 15 رنوں سے میچ گنوانا پڑ گیا۔ آئی پی ایل کے 10 ویں ایڈیشن میں قسمت تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی دہلی کے لئے بیٹنگ آرڈر میں وسیع اصلاحات درکار ہے ۔ اگرچہ اس کے پاس بولروں میں فاسٹ بولر اور کپتان ظہیرخان، ندیم، کرس مورس اوربائیں ہاتھ کے اسپنر امت مشرا جیسے اچھے کھلاڑی ہیں اور وہ پونے کے خلاف بھی انہیں کا بہتر استعمال کر سکتی ہے ۔ پچھلا میچ پنجاب سے شکست کے بعد پٹری سے اتر گئی پونے کے پاس اس وقت اپنے گھریلو میدان پر جیت کے ساتھ واپسی کا سنہری موقع ہے اور دہلی کیونکہ پچھلا کی شکست کی وجہ سے دباؤ میں ہے تو اس کے لئے یہ صورت حال بھی فائدہ مند ہو سکتی ہے ۔ پونے کے پاس کپتان اسٹیون اسمتھ، اجنکیا رہانے ، ہندستان کے سب سے زیادہ کامیاب کپتان رہے اور اپنی قیادت میں چینائی سوپر کنگ کو دو مرتبہ چیمپئن بنا چکے مہندر سنگھ دھونی کا ساتھ ہے ۔ پونے کی ٹیم اگرچہ کاغذوں پر آئی پی ایل کی نئی ٹیم ہے اور اپنا دوسرا ہی سیزن کھیل رہی ہے لیکن اس کے پاس لیگ کے تجربہ کار کھلاڑی ہیں ‘ وہیں نیلامی کے سب سے مہنگے کھلاڑی بین اسٹوکس اور مڈل آرڈر میں منوج تیواری نے بھی پنجاب کے خلاف بہترین کارکردگی کی اور پونے کا بیٹنگ شعبہ بے شک دہلی سے بہت بہتر ہے ۔ بولنگ میں پونے کو کچھ بہتری کی ضرورت ہے ۔اشوک ڈنڈا، ڈینیل کرسٹین، رجت بھاٹیہ جیسے اچھے بولر اس کے پاس ہیں تو وہیں عمران طاہر نے اب تک مسلسل ٹیم کے لئے بہترین بولنگ کی ہے اور نہایت مفید ثابت ہوئے ہیں۔ طاہر نے پنجاب کے خلاف بھی سب سے زیادہ دو وکٹ لی لیکن باقی بولروں کو بہتر مظاہروں کی ضرورت ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT