Friday , October 20 2017
Home / ہندوستان / دہلی میں تین روزہ جشن اردو فیسٹیول

دہلی میں تین روزہ جشن اردو فیسٹیول

لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ آج افتتاح کرینگے ، گلزار شبانہ آعظمی کی شرکت
نئی دہلی ۔ 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نئی دہلی میں کل سے دوسرا جشن رختہ فیسٹیول منایا جارہا ہے جس میں بالی ووڈ کی شخصیتیں حصہ لے رہی ہیں۔ ان میں گلزار، جاویداختر، مہیش بھٹ، شبانہ اعظمی، امتیاز علی، ٹی ڈھولیا، ہماقریشی اور نندیتا داس قابل ذکر ہیں۔ سرحد پار سے بھی ممتاز شخصیتوں کی شرکت یقینی ہے۔ ان میں ڈائرکٹر سرمد سلطان، ٹی وی کے ممتاز میزبان انور مقصود، استاد رفاقت علی خان، افتخار عارف، زہرہ نگاہ اور عمران عباس بھی شرکت کریں گے۔ لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کل اس فیسٹیول کا افتتاح کریں گے۔ انتظار حسین اور ندیٰ فاضلی جن کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے اس اردو فیسٹیول کی یادگار شخصیتیں ہوں گی۔ جاوید اختر اپنی اہلیہ شبانہ اعظمی کے ہمراہ کیفی اور میں عنوان پر کیفی اعظمی کی زندگی پر مشتمل واقعات بیان کریں گے۔ فلموں میں اردو کل اور آج موضوع پر بھی غوروخوض کیا جائے گا۔ یہ فیسٹیول اردو کی مقبولیت اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرے گا۔ فیسٹیول کے دوران مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے جس میں مشاعرہ، قوالی، غزلوں کے علاوہ فلموں کی نمائش کی جائے گی۔ بیت بازی کے گوشے میں اردو شاعری کا مقابلہ ہوگا۔ اس فیسٹیول کی خصوصیات میں اردو کے بزرگ مصنفین عصمت چغتائی اور راجندر سنگھ بیدی کی صدی تقاریب بھی منائی جائے گی۔ اخترالایمان کی صدی بھی منائی جائے گی جو جدید اردو نظموں کے ستونوں میں سے ایک تھے۔

TOPPOPULARRECENT