Wednesday , September 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / دہلی کو آج حیدرآباد کیخلاف کلیدی آزمائش کا سامنا

دہلی کو آج حیدرآباد کیخلاف کلیدی آزمائش کا سامنا

حیدرآباد ، 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ڈیرڈیولز جو متواتر دو شکستوں کے بعد جیت کی راہوں پر واپس ہونے کوشاں ہیں، انھیں سخت آزمائش کا سامنا ہے جبکہ وہ آئی پی ایل ٹی 20 کرکٹ میچ میں طاقتور سن رائزرس حیدرآباد سے یہاں جمعرات کو مقابلہ کریں گے۔ میزبان ٹیم غضب کا ردھم دکھا رہی ہے جیسا کہ وہ 14 پوائنٹس 10 میچوں (7 کامیابیاں اور صرف 3 ناکامیاں) سے حاصل کرچکے ہیں اور ڈیرڈیولز کے خلاف بھی جیت درج کراتے ہوئے اپنی ٹاپ پوزیشن کو مضبوط کرلینا چاہیں گے۔ آئی پی ایل کی تاریخ میں اپنی غیرمتاثرکن کارکردگی کو پس پشت ڈالتے ہوئے حیدرآباد اِس سال عمدہ ردھم والی ٹیم ہے جبکہ اس کے بولرز اور بیٹسمین اجتماعی طور پر کامیاب ہورہے ہیں۔ ایس آر ایچ کیپٹن ڈیوڈ وارنر اس ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں سے ہیں اور وہ ٹیم کو ایک سے زائد مرتبہ تن تنہا فتح دلا چکے ہیں۔ دیگر اوپنر شکھر دھون بھی اچھے فام میں نظر آئے ہیں اور اپنے کپتان کے جلد آؤٹ ہونے کی صورت میں ٹیم کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔

گزشتہ روز کے میچ میں رائزنگ پونے سوپر جائنٹس کے خلاف وشاکھاپٹنم میں دھون کے 27 گیندوں میں 33 رنز نے ٹیم کو 137 تک پہنچانے میں بڑا کام کیا۔ ایس آر ایچ نے یہ میچ چار رنز سے جیت لیا، حالانکہ آڈم زمپا نے 6/19 کا بہت یادگار اسپل پھینکا تھا۔ ایس آر ایچ کے پاس کین ولیمسن، موئزس ہنریکس اور دیپک ہوڈا کی شکل میں عمدہ بیٹسمین بھی ہیں اور مڈل آرڈر میں وکٹ کیپر بیٹسمن نمن اوجھا کھیل رہے ہیں۔ بھونیشور کمار، تجربہ کار آشیش نہرا، تیزی سے ابھرتے پیسر مستفیض الرحمن اور بریندر سرن پر مشتمل سن رائزرس کا خطرناک بولنگ اٹیک آئی پی ایل کے جاریہ ایڈیشن میں سب خوف دلانے والا ہے۔ یہ مبالغہ آرائی نہیں جب کسی نے نشاندہی کی کہ کاٹ دار ایس آر ایچ بولروں کے خلاف اُن کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا پانی میں مگرمچھ کا مقابلہ کرنے کے مترادف ہے۔ دورہ کنندگان کا موجودہ طور پر پوائنٹس ٹیبل میں چوتھا رینک ہے۔ انھیں 9 میچوں سے 10 پوائنٹس ملے ہیں۔ تاہم، ٹیم ڈی ڈی جس کے مینٹور راہول ڈراویڈ ہیں، اپنی بنیادی چیزوں میں ناکام نہیں ہوئی جیسا کہ اس کے متاثرکن تسلسل میں دیکھا جاسکتا ہے۔ اس کی صفوں میں بعض اعلیٰ معیار کے کھلاڑی موجود ہیں جیسے کوئنٹن ڈی کاک، کیپٹن ظہیر خان، وکٹ کیپر بیٹسمن سنجو سامسن اور ٹاپ آرڈر کے کھلاڑی کرون نائر۔ دہلی کو امید رہے گی کہ ظہیر ابتدائی کامیابیاں دلائیں۔ وہ بعض میچوں کے اختتامی اوورز میں بھی متاثرکن رہے ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں سامسن اور ریشبھ پنت کو اثر دکھانے کیلئے بڑی اننگز کھیلنے پڑیں گے۔ ڈی ڈی نے اپنے بعض اہم کھلاڑیوں کو چند مقابلوں میں آرام دیا اور اب دیکھنا ہے آیا وہ جمعرات کے کلیدی میچ کیلئے قطعی XI میں واپسی کرتے ہیں یا نہیں؟ ظہیر کی ٹیم جیت کی صورت میں پوائنٹس ٹیبل میں تیسرا مقام پالے گی۔

TOPPOPULARRECENT