Tuesday , June 27 2017
Home / کھیل کی خبریں / دہلی کے خلاف ممبئی کا مضبوط موقف

دہلی کے خلاف ممبئی کا مضبوط موقف

ممبئی۔21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیئر لیگ10 میں مسلسل پانچ مقابلے جیت کر سرفہرست ممبئی انڈینس کی ٹیم دہلی ڈیئر ڈیولس کے خلاف کل یہاں اپنے گھریلو وانکھیڑے میدان پر اپنی شاندار کارکردگی کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے جیت کا ‘چھکا’ لگانے کے ارادے سے اترے گی۔دو مرتبہ کی چیمپئن ممبئی نے پہلا میچ ہارنے کے بعد حیرت انگیز انداز میں واپسی کی اور وہ اس کے بعد مسلسل پانچ میچ جیتنے کے بعد جدول میں سب سے زیادہ 10 نشانات کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ دہلی کی کہانی اس ایڈیشن میں بھی تبدیل نہیں ہوئی ہے جو پانچ میں سے دو میچ ہی جیت سکی ہے اور فی الحال چوتھے نمبر پر ہے ۔دہلی نے اپنا پچھلا میچ حیدرآباد سے صرف 15 رن کے فرق سے گنوایا تھا تو وہیں ممبئی نے اندور میں پنجاب کو 27 گیندیں باقی رہتے آٹھ وکٹ سے زبردست شکست دی تھی۔ ممبئی اور پنجاب کے درمیان یہ مقابلہ کافی دلچسپ بھی رہا جس میں روہت شرما کی ٹیم نے 199 رن کے مشکل ہدف 15.3 اوور میں ہی حاصل کر لیا تھا۔ ٹیم اور آئی پی ایل کے اسٹار  بن کر ابھرے نتیش رانا نے اس میچ میں صرف 34 گیندوں میں سات چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ62  رنز بنا ئے اور اب تو رانا کے ہندوستانی ٹیم میں بھی جگہ بننے کی باتیں بھی ہونے لگی ہیں۔رانا گزشتہ چھ میچوں میں255  رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر بھی ہیں جس میں ان کی تین نصف سنچری بھی شامل ہیں۔ ممبئی کی ٹیم میں جوس بٹلر، روہت، کیرون پولارڈ، ہاردک پانڈیا کے طور پر بہترین بیٹسمین ہیں۔ ممبئی بڑے ہدف کا بھی آسانی سے تعاقب کر لیتی ہے اور گجرات، پنجاب اور بنگلور کے خلاف اس نے دوسری اننگز میں بیٹنگ کرکے کامیابی حاصل کی ہے ۔دوسری طرف دہلی کے پاس بہت مضبوط بیٹنگ  نظر نہیں آرہی ہے اور سنجو سیمسن، سیم بلنگس، کرون نائر، رشبھ پنت، انجیلو میتھیوز اور شریس ایر جیسے کھلاڑی اس کے پاس ہیں۔ گزشتہ میچ میں ٹیم حیدرآباد سے محض 15 رنز سے مقابلہ ہار گئی تھی ۔
چیمپئنر ٹرافی ‘ بنگلہ دیشی ٹیم کا اعلان
ڈھاکہ ۔21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے 15 رکنی ا سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے اور شفیع الاسلام کی  ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ اسکواڈ میں کپتان مشرفے مرتضیٰ ، تمیم اقبال، سومیا سرکار، امرالقیس، مشفق الرحیم، شکیب الحسن، صابر رحمن، محمود اللہ، مصدق حسین، مستفیض الرحمن، روبیل حسین، تسکین احمد، سزرالاسلام اور مہدی حسن بھی شامل ہیں۔ آئرلینڈ میں ٹرائی سیریز کیلئے اٹھارہ رکنی ٹیم کیلئے ناصرحسین کو دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT