Thursday , September 21 2017
Home / ہندوستان / دہلی کے سابق وزیر سومناتھ بھارتی کیخلاف بیوی کے الزامات

دہلی کے سابق وزیر سومناتھ بھارتی کیخلاف بیوی کے الزامات

پوچھ تاچھ کیلئے دوسری مرتبہ پولیس کی نوٹس جاری
نئی دہلی 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے آج بتایا کہ بہت جلد وزیر قانون سومناتھ بھارتی جن کے خلاف ان کی اہلیہ کی شکایت پر اقدام قتل، گھریلو تشدد اور دیگر الزامات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ پوچھ تاچھ کیلئے طلب کئے جانے پر حاضر نہ ہونے کی وجہ سے دوسری مرتبہ نوٹس جاری کی جائے گی۔ جوائنٹ کمشنر پولیس (ساؤتھ ۔ ویسٹ) دیپندر پاٹھک نے بتایا کہ بھارتی تحقیقات کا سامنا کرنے سے پس و پیش کررہے ہیں۔ چونکہ انھوں نے قبل ازیں جاری کردہ نوٹس کے جواب میں کل پوچھ تاچھ کیلئے حاضر نہیں ہوئے لہذا انھیں دوسری مرتبہ نوٹس جاری کی جائے گی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ پہلی نوٹس کی اجرائی کے بعد بھارتی نے دوارکا ناتھ پولیس اسٹیشن میں کل صبح 11 بجے حاضر ہونے سے اتفاق کرلیا تھا۔ لیکن انھوں نے اپنے وعدہ کی تکمیل نہیں کی۔ مسٹر پاٹھک نے بتایا کہ کل دوپہر کے بعد پولیس کی ایک ٹیم کو ان کی قیامگاہ روانہ کیا گیا جہاں پر دروازہ مقفل پایا گیا۔ پولیس نے دن بھر ان کا اتہ پتہ معلوم کرنے کی ناکام کوشش کی۔ بعدازاں ان کی قیامگاہ پر دوسری نوٹس چسپاں کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے فی الفور حاضر ہونے کیلئے کہا گیا۔ دہلی پولیس نے 3 ماہ قبل ان کی بیوی یپیکا مترا کی جانب سے گھریلو تشدد اور دیگر سنگین الزامات بشمول جب وہ حاملہ تھی اُس وقت دہشت زدہ کرنے کیلئے کتے چھوڑنے کی شکایت کے بعد چہارشنبہ کے دن عاپ لیڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کیا تھا۔ مترا نے پولیس سے کہا تھا کہ 27 اور 28 مارچ کو بھارتی نے ان کی کلائی کاٹنے کی کوشش کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT