Monday , June 26 2017
Home / شہر کی خبریں / دیورکنڈہ کے مقامی افراد کا حج ہاوز کے روبرو احتجاج

دیورکنڈہ کے مقامی افراد کا حج ہاوز کے روبرو احتجاج

حیدرآباد۔ 10 اپریل (سیاست نیوز) ضلع نلگنڈہ کے دیورکنڈہ سے تعلق رکھنے والے مقامی افراد کی بڑی تعداد نے آج حج ہاؤز، نامپلی پہنچ کر احتجاج کیا۔ وہ وقف بورڈ کے بعض اندرونی ملازمین کی بے قاعدگیوں پر ناراضگی کا اظہار کررہے تھے، جنہوں نے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک غیرمتعلقہ شخص کو درگاہ حضرت حاجی حفیظ محمد درویش قادریؒ کا متولی مقرر کردیا۔ مقامی افراد کی کثیر تعداد جن میں خواتین اور حقیقی متولی کے رشتہ دار موجود تھے، صدرنشین وقف بورڈ کے چیمبر کے باہر زبردست نعرے بازی کی۔ صدرنشین محمد سلیم نے اُن سے ملاقات کرتے ہوئے شکایت کی سماعت کی، جس پر مقامی افراد نے بتایا کہ بعض وقف بورڈ ملازمین کی ملی بھگت سے درگاہ کیلئے محمد فیاض الدین کو متولی مقرر کردیا گیا ہے، جبکہ تولیت کے حقیقی حق دار اور مستحق افراد کو نظرانداز کردیا گیا۔ انہوں نے بوگس تولیت کمیٹی کی فی الفور منسوخی کی مانگ کی۔ احتجاجیوں نے دیورکنڈہ کے رکن اسمبلی رویندر کمار نائیک کا مکتوب بھی صدرنشین اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے حوالے کیا۔ محمد سلیم نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایم اے منّان کو ہدایت دی کہ وہ اندرون ایک ہفتہ اس معاملے کی جانچ کرتے ہوئے انہیں رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے احتجاجیوں کو مکمل انصاف کا تیقن دیا جس کے بعد احتجاج ختم ہوگیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT