Friday , August 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / دیپا کے عزم و استقلال کو وزیراعظم مودی کا سلام!

دیپا کے عزم و استقلال کو وزیراعظم مودی کا سلام!

کاترا (جموں) ، 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج دیپا کرماکر کو جو اولمپک گیمز کیلئے کوالیفائی ہونے والی اولین ہندوستانی خاتون جمناسٹ بن گئی، سراہتے ہوئے کہا کہ اُس نے محض اپنے عزم کے ذریعے ملک کیلئے خوشیاں لائی ہے۔ انھوں نے یہاں شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب میں کہا: ’’دیپا نے انڈیا کیلئے فخریہ سعی کی اور اس کا نام سربلند کیا ہے۔ پہلی مرتبہ اس ملک کی کوئی بیٹی ریو اولمپکس کیلئے جمناسٹکس کے شعبے میں منتخب ہوئی ہے۔ اُس نے یہ کارنامہ اپنے عزم و استقلال کے ذریعے حاصل کیا ہے۔ وسائل کا فقدان کبھی اُس کی راہ میں حائل نہیں ہوا۔‘‘ وزیراعظم نے کہا کہ زندگی میں شاندار کارگزاری کیلئے ٹھوس حوصلہ رکھنا ضروری ہے اور دستیاب وسائل کی مقدار اس راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہئے۔

اولمپک میڈل اگلا نشانہ
دریں اثناء ریو ڈی جنیرو سے موصولہ اطلاع کے بموجب دیپا کرماکر نے اب اگسٹ میں منعقد شدنی ریو گیمز میں پوڈیم تک پہنچنے پر اپنی نظریں مرکوز کرلی ہیں۔ اگرتلہ، تریپورہ کی 22 سالہ اتھلیٹ نے گزشتہ روز ریو میں منعقدہ اولمپکس کوالیفائنگ ایونٹ میں 52.698 کا مجموعی اسکور جٹاتے ہوئے ریو گیمز میں آرٹسٹک جمناسٹکس میں مسابقت کیلئے اپنی جگہ حاصل کرلی۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف جمناسٹکس کے آفیشل فیس بک پیج پر دیپا کے حوالے سے کہا گیا: ’’گولڈ میڈل جیتنا اچھا احساس ہوتا ہے۔‘‘ گزشتہ روز کے ٹسٹ ایونٹ میں والٹس فائنلس میں طلائی تمغہ کے حصول کے بعد دیپا نے کہا: ’’میرا اگلا نشانہ اولمپک میڈل کے پوڈیم تک پہنچنا ہے۔‘‘دیپا نے 14.833 کی اپنی بہترین سعی کے ذریعے ریو اولمپک اَرینا کے ویمنس والٹس فائنلس میں اول مقام پر اختتام کیا۔ اُس نے ازبیکستان کی 2008ء کی اولمپک سلور میڈلسٹ اوکسانا چھوسووتینا کو شکست دی۔

TOPPOPULARRECENT