Sunday , August 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / دیہاتوں کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے حکومت کوشاں

دیہاتوں کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے حکومت کوشاں

سوریا پیٹ میں گراما جیوتی پروگرام سے ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کا خطاب

سوریا پیٹ 21 اگسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت دیہاتوں اور قریہ جات کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی سوریا پیٹ و ریاستی وزیر برقی جی جگدیش ریڈی نے سوریا پیٹ حلقہ اسمبلی کے مختلف دیہاتوں میں گراما جیوتی کے منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریاستی وزیر جی جگدیش ریڈی نے اپنے خطاب میں ادعا کیاکہ گراما جیوتی اسکیم ملک کی تاریخ میں ایک منفرد اور بے نظیر اسکیم ہے۔ اس اسکیم کا مقصد دیہاتوں کے بنیادی مسائل کا حل اور تمام سہولیات سے آراستہ کرنا ہے۔ انھوں نے کہاکہ گراما جیوتی درحقیقت مہاتما گاندھی کو زبردست اور تعمیری خراج عقیدت ہے کیوں کہ گاندھی جی دیہاتوں کی ترقی کے لئے ایسی ہی کوئی اسکیم متعارف کرنا چاہتے تھے۔ ان کے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کے سی آر نے مذکورہ اسکیم متعارف کرائی ہے۔ انھوں نے کہاکہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں پیش قدمی کے علاوہ مختلف نئی اسکیمات بھی متعارف کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ چند مہینوں کے اندر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف اسکیمات اور اقدامات سنہرا تلنگانہ بنانے کے لئے وزیراعلیٰ کے سی آر کے پختہ عزم کی علامت ہے۔ جگدیش ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس منفرد اسکیم پر عمل آوری کے لئے اپنی پوری توانائی جھونک دیں۔ انھوں نے اس سلسلہ میں عوام سے بھی تعاون کی خواہش کی اور کہاکہ جب تک عوام کا تعاون نہیں ملے گا مسائل کی یکسوئی ناممکن ہے۔ انھوں نے کہاکہ اس اسکیم پر صد فیصد عمل آوری کے نتیجہ میں دیہاتوں کا پورا نقشہ بدل جائے گا۔ ریاستی وزیر برقی جی جگدیش ریڈی نے عوام بالخصوص کسان برادری سے اپیل کی کہ وہ اس اسکیم سے استفادہ کریں اور حکومت کے مشن کی تکمیل کے لئے عہدیداروں کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر آر ڈی او سرینواس ریڈی، ایم آر اوز و عہدیداران و قائدین این سرینواس گوڑ، گنا ریڈی، طاہر، ایم ششی، نیو مارے پلی سینو، وائی وی کمار و دیگر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT