Saturday , March 25 2017
Home / ہندوستان / ذاکر نائک کی بہن سے ای ڈی کی پوچھ گچھ

ذاکر نائک کی بہن سے ای ڈی کی پوچھ گچھ

ممبئی 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ اسلامی مبلغ ذاکر نائک کے خلاف رقمی ہیر پھیر کے ایک مقدمہ کے ضمن میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے آج ان کی بہن سے پوچھ گچھ کی۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے کہاکہ نائک کی بہن نائیلہ نورانی نے اس مقدمہ کے تحقیقاتی افسر (آئی او) سے اس ادارہ کے دفتر پر ملاقات کی۔ اس دوران قانون انسداد رقمی ہیر پھیر کی مختلف دفعات کے تحت ان کا بیان قلمبند کیا گیا۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ یہ ادارہ نائیلہ نورانی سے ان کے کھاتوں اور ان کے اداروں کے ساتھ مبینہ رقمی معاملتوں پر پوچھ گچھ کرنا چاہتا ہے۔ اس مرکزی تحقیقاتی ادارہ نے گزشتہ سال ڈسمبر میں نائک اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ اس سے پہلے قومی تحقیقاتی ایجنسی نے بھی غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد سے متعلق قانون کے تحت ان کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ بعدازاں نائک کے خلاف سمن بھی جاری کیا گیا تھا۔ تاہم وہ بیرونی ملک میں مقیم ہونے کے سبب پوچھ گچھ کے لئے دستیاب نہیں ہوسکے تھے۔ حال ہی میں نائک کے ایک قریبی مددگار عامر گازدار کو اس مقدمہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔
اعظم خاں کو سپریم کورٹ کی تنبیہ
نئی دہلی ۔ 7 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اُترپردیش کے متنازعہ لیڈر اعظم خاں کو آج سپریم کورٹ نے تنبیہ کی اور قابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل کیلئے کل اُنھیں الہٰ آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت دی ۔ ایک مقدمہ میں غیرحاضر رہنے پر عدالت نے اُن کیخلاف یہ وارنٹ جاری کیا ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اس وارنٹ کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے ، لیکن عدالت نے اُنکے اس موقف پر تعجب کا اظہار کیا کہ کابینی وزیر کو قابل ضمانت وارنٹ جاری نہیں کیا جاسکتا ۔ چیف جسٹس جے ایس کیہر کی زیرقیادت برہم بنچ نے سوال کیا کہ یوپی جل نگم کے صدرنشین (اعظم خاں) کہاں ہیں ؟ کیا وہ الٰہ آباد یا لکھنو میں ہیں ؟ اعظم خاں کے وکیل نے کسی قدر پس و پیش کیساتھ اعظم خاں کے مقام کے بارے میں اطلاع دی اور کہا کہ جب بھی عدالت حکم دے گی وہ پیش ہوں گے ۔
اُس وقت بنچ نے پوچھا کیا اُن کے پاس ہیلی کاپٹر ہے ؟ دوبارہ ان وکلاء کے گروپ نے کچھ دیر خاموشی اختیار کی اور کوئی جواب نہیں دیا ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT