Thursday , June 29 2017
Home / ہندوستان / ذبیحہ گاؤ پر دو افراد کو پانچ سال قید

ذبیحہ گاؤ پر دو افراد کو پانچ سال قید

مظفر نگر ، 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گایوں کو ذبح کرنے کی پاداش میں ایک مقامی عدالت نے دو افراد کو مجرم قرار دے کر انھیں پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ سرکاری وکیل جاوید علی کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس جج منوج کمار نے ملزمین غیور اور جی علی کو گزشتہ روز اترپردیش قانون انسدادِ گاؤ کشی کے تحت مجرم قرار دینے کے بعد فی کس 15,000 روپئے کا جرمانہ بھی عائد کردیا ہے۔ پولیس نے 27 جنوری 2012ء کو ضلع شاملی میں جھنجھلا پولیس اسٹیشن کے تحت چیک پوسٹ پر ایک ٹرک کو روک کر اس سے بیف کو ضبط کیا تھا۔ اس سلسلے میں غیور اور علی کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کیا گیا تھا۔

 

یوم پاکستان تقریب سے علیحدگی پسندوں کو دور رکھنے نئی پابندیاں
سری نگر، 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نئی دہلی میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن میں جمعرات 23 مارچ کو منعقد ہونے والی یوم پاکستان کی تقریب میں کشمیری علیحدگی پسند قائدین و کارکنوں کی شرکت کو ناممکن بنانے کے لئے جموں وکشمیر حکومت نے اِن کے خلاف پہلے سے جاری مہم میں مزید سختی لائی ہے ۔ جہاں حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کے سربراہان سید علی گیلانی و میرواعظ مولوی عمر فاروق اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو بدستور خانہ یا تھانہ نظربند رکھا گیا ہے ، وہیں دیگر علیحدگی پسند قائدین و کارکنوں کو نئی دہلی روانہ ہونے سے روکنے کیلئے تھانہ یا خانہ نظربندی کا ایک تازہ مرحلہ شروع کیا گیا ہے۔ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان کو بدھ کی صبح سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب وہ یوم پاکستان کے سلسلے میں پاکستان ہائی کمیشن میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کرنے کے لئے نئی دہلی روانہ ہونے والے تھے ۔ نئی دہلی میں 23 مارچ کو منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کے لئے پاکستانی ہائی کمیشن نے تقریباً تمام کشمیری علیحدگی پسند قائدین اور سینئر کارکنوں کو مدعو کیا ہے ۔ بزرگ علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کی قیادت والی حریت کانفرنس کے ترجمان ایاز اکبر نے یواین آئی کو بتایا ’یوم پاکستان میں شرکت کے لئے ہم نے فضائی ٹکٹیں پہلے ہی بک کرلی ہیں، لیکن ہمیں بتایا گیا کہ ہم نئی دہلی نہیں جاسکتے ہیں۔ تقریباً تمام مدعوئین کو تھانہ یا خانہ نظربند کیا گیا ہے ‘۔ انہوں نے بتایا کہ گیلانی کو بدستور اپنی حیدرپورہ رہائش گاہ پر نظربند رکھا گیا ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT