Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / ذہنی معذور بچوں کے لیے ٹنڈر کیر سنٹر کا قیام

ذہنی معذور بچوں کے لیے ٹنڈر کیر سنٹر کا قیام

سیاست میں شائع نیوز پر معزز شخصیتوں کا مثبت ردعمل
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : روزنامہ سیاست کی ایک اہم خبر ’ لوگ ضعیف والدین اور معذور بچوں کو دواخانوں میں چھوڑ کر فرار ‘ ( بتاریخ 22 اگست 2016 ) سے بے انتہا متاثر ہو کر شکاگو امریکہ میں مقیم محمد سردار علی خاں جو شکاگو امریکہ اور حیدرآباد میں رفاعی اور خیراتی کاموں میں پیش پیش رہا کرتے ہیں ۔ امریکہ میں مقیم دوست احباب سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا اور ذہنی طور پر معذور بچوں کو غیر مسلم اداروں کے حوالے کرنے یا فقیروں کو فروخت کردئیے جانے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور جلد از جلد شہر حیدرآباد میں ایک مسلم سنٹر کے قیام کی تجویز رکھی ۔ چنانچہ اس تجویز کو جناب سید حسین ، جناب سید خلیل پاشاہ قادری امام و قاضی مسجد ویٹن (Wheeton) جو امریکہ کی ایک مثالی مسجد کہلاتی ہے اور جناب سید شاہ نواز خاں صدر مسجد ڈاؤن ٹاون شکاگو امریکہ فوری طور پر روبہ عمل لانے کے لیے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ۔ سنٹر کے مستقل قیام کے لیے محترمہ رابعہ سلطانہ نے ایک قطعہ پلاٹ ہزار گز بمقام ابراہیم پٹنم عطیہ بطور ( وقف ) زمین کے کاغذات حوالے کیے ۔ امریکہ میں مقیم تمام دوست و احباب کی خواہش ہے کہ اس کارخیر میں سرپرست اعلی جناب عامر علی خاں کو بنایا جائے اور ایک تقریب منعقد کی جاکر اس میں اراکین عاملہ کا انتخاب کیا جائے ۔ قطعہ پلاٹ کی سرکاری منظوری اور لے آوٹ کی تیاری کے لیے جناب سید خلیل پاشاہ قادری نے زر تعاون روانہ کرنے کی اطلاع دی ہے ۔ اس سنٹر یا ادارے کے قیام کا مقصد ذہنی طور پر معذور بچوں کو غیر اسلامی کفالت ، ماحول اور تربیت سے بچانا ہے ۔ یہ ذہنی طور پر معذور بچے جنتی بچے ہیں ۔ جو روز قیامت اپنے ماں باپ کی شفاعت کا باعث ہوں گے ۔ ان ذہنی معذور بچوں کی رہائش اور تعلیم و تربیت کے لیے ملت اسلامیہ سے تعاون کی درخواست کی جاتی ہے جو ایک عظیم کار خیر ہے اور وقت حاضرہ کی اہم ترین ضرورت ہے مزید معلومات کے لیے سید ناصر الدین وقار ، سابق لائبریرین کنگ فیصل یونیورسٹی ریاض ، سابق لائبریرین UNDP/UNO ، فون 040-65895098 ربط کریں ۔۔

TOPPOPULARRECENT