Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / رائس ملز صنعت بحران کی ٹی آر ایس حکومت ذمہ دار

رائس ملز صنعت بحران کی ٹی آر ایس حکومت ذمہ دار

دس لاکھ افراد روزگار سے محروم، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /14 اکتوبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے رائس ملز صنعت کے بحران کے لئے ٹی آر ایس حکومت کو ذمہ دار قرار دیا۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تین ہزار رائس ملز کو ریاستی و مرکزی حکومتیں نظرانداز کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے رائس ملز بحران کا شکار ہیں اور اس سے وابستہ جملہ دس لاکھ افراد کے روزگار سے محروم ہونے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ انھوں نے رائس ملز صنعت اور مزدوروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کرنے حکومت سے مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی و مرکزی حکومتیں نظام لیوی اور پروکیوریمنٹ پر عمل نہیں کر رہی ہیں، جس سے رائس ملز کو نقصان ہو رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رائس ملرس اس صنعت کو نقصان سے بچانے کے لئے چاول کو بیرونی ممالک میں فروخت کرنا چاہتے ہیں، لیکن امتناع عائد ہونے کے سبب وہ اپنے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام ہیں، جب کہ ریاستی و مرکزی حکومتیں ان کے ساتھ کسی قسم کا تعاون بھی نہیں کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا سے لیوی پروکیوریمنٹ حاصل نہ ہونے کے سبب سے بھی رائس ملز بھاری نقصان سے دوچار ہیں۔ اگر رائس ملرس کو حکومت کی جانب سے تعاون حاصل نہیں ہوا تو رائس ملز بند ہو جائیں گی، جس کی ذمہ داری مرکزی اور ریاستی حکومتوں پر عائد ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT