Tuesday , October 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / رائنا کی آج واپسی سے لائنز کی قوت بڑھنے کی توقع، کولکاتا رسل سے محروم

رائنا کی آج واپسی سے لائنز کی قوت بڑھنے کی توقع، کولکاتا رسل سے محروم

کانپور ، 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کپتان سریش رائنا کی واپسی کا اس سے بہتر وقت نہیں ہوسکتا تھا کیونکہ گجرات لائنز جو جاریہ ٹورنمنٹ کی سب سے بڑی شکست سے متزلزل ہوئے، اپنی مہم کو دوبارہ پٹری پر ڈالنے بے چین ہوں گے جب وہ کولکاتا نائٹ رائیڈرز کا انڈین پریمیر لیگ کے میچ میں کل یہاں سامنا کریں گے۔ نائٹ رائیڈرز کو اِن فام آل راؤنڈر اینڈرے رسل کی غیرحاضری سے کچھ اثر پڑے گا، اور گجرات لائنز اس کا فائدہ یہاں گرین پارک میں ضرور اُٹھانا چاہیں گے، جو اپنے اولین آئی پی ایل میچ کی میزبانی کررہا ہوگا۔ رواں ایڈیشن کے ٹیبل میں کے کے آر کی 14 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن ہے اور اچھا مثبت نٹ رن ریٹ بھی ہے، حالانکہ انھیں گزشتہ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور نے 9 وکٹ سے واضح شکست دی۔ دو مرتبہ کے سابقہ چمپینس نے ابھی تک 12 مقابلوں میں سات میچز جیتے اور پانچ ہارے، اور کل جیت کی صورت میں انھیں عملاً پلے آف پوزیشن مل جائے گی۔ لائنز اپنے افتتاحی سیزن میں فی الحال 14 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر ہیں، لیکن اُن کا رن ریٹ نائٹ رائیڈرز کے مقابل کمتر ہے۔ وہ بھی گوتم گمبھیر زیرقیادت ٹیم کے مساوی مقابلے جیت چکے ہیں۔ لائنز نے سیزن کا آغاز تو متاثرکن انداز میں کیا تھا اور کچھ عرصے تک ٹاپ پوزیشن پر بھی رہے لیکن انھیں اپنے بدترین دن کا سامنا بھی کرنا پڑا جب انھیں رائل چیلنجرز بنگلور کے مقابل ہفتہ کو 144 رنز سے ذلت آمیز شکست ہوئی۔

اے بی ڈی ولیرز اور ویراٹ کوہلی کی دھواں دھار سنچریوں نے لائنز کے بولنگ اٹیک کی دھجیاں اڑائے اور پھر بیٹنگ لائن اپ کو 104 پر چلتا کردیا گیا تھا۔ لائنز کیلئے اپنی توانائیاں جٹانے کا وقت آچکا ہے اور رائنا جو اپنے پہلے بچہ کی پیدائش کی وجہ سے آئی پی ایل میں 2008ء سے اس کے آغاز کے بعد سے پہلی بار میچ کھیلنے سے محروم رہے، اُن کی واپسی ٹیم کیلئے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ لیفٹ ہینڈ بیٹسمن اس لیگ کے تمام نو سیزنس میں عمدہ کھیلتے آئے ہیں۔ اگر جارحانہ اوپنرز ڈوین اسمتھ اور برنڈن مک کلم ڈٹ جائیں تو لائنز یوں سمجھئے کہ آدھا مقابلہ جیت چکا ہے۔ رائنا، آرن فنچ اور ڈوین براوو مڈل آرڈر میں ہیں جبکہ رویندر جڈیجہ اور دنیش کارتک جیسے کھلاڑی بھی لائنز کو لوور آرڈر میں دستیاب ہیں۔ لائنز کا بولنگ اٹیک ہفتہ کو بری طرح پٹ گیا اور اب اسے زیادہ ڈسپلن دکھانے کی ضرورت ہے۔ وہ ہوسکتا ہے ڈیل اسٹین اور جیمز فاکنر کو آزمائیں گے جو آر سی بی کے مقابل نہیں کھیلے تھے۔ جہاں تک کے کے آر کا معاملہ ہے، وہ بھی آر سی بی کے مقابل بڑی شکست کے بعد اس میچ میں شرکت کررہے ہیں، اور رسل کی غیرحاضری انھیں نقصان پہنچا سکتی ہے۔ 28 سالہ آل راؤنڈر آر سی بی کے خلاف بولنگ کے دوران زخمی ہوئے اور کل شام یہاں اسکواڈ کے ساتھ نہیں آئے۔ رسل (15 وکٹ) اس ٹورنمنٹ میں تیسرے سب سے زیادہ کامیاب بولر اور نائٹ رائیڈرز کیلئے 188 رنز کے ساتھ چوتھے سب سے کامیاب بیٹسمن بھی ہیں۔ اس سے ہٹ کر کے کے آر کے قطعی XI میں تاحال تسلسل دیکھنے میں آیا ہے اور بولنگ کا شعبہ بھی معقول نظر آتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT