Wednesday , October 18 2017
Home / ہندوستان / رائے بریلی اور امیٹھی میں مودی حکومت کا انتقام

رائے بریلی اور امیٹھی میں مودی حکومت کا انتقام

مرکزی اداروں کو بند کردینے پر کانگریس کا الزام
نئی دہلی، 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے آج مودی سرکار پر انتقامی جذبہ سے کام کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی اورپارٹی نائب صدر راہل گاندھی کے انتخابی حلقوں میں مرکزی منصوبوں کو بند کیا جارہا ہے ۔مسٹر آزاد نے وقفہ صفر کے دوران کہا کہ مسز گاندھی کے حلقہ رائے بریلی مسٹر راہل گاندھی کے لوک سبھا حلقہ امیٹھی میں فوڈ پارک پیپرمل اور ڈسکوری پارک کو بند کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس سرکار نے کبھی انتقامی جذبہ سے کام نہیں کیا اور اس نے ہمیشہ پچھلی سرکار کے عوام سے کئے وعدوں کو پورا کیا۔انہوں نے افسوس کے ساتھ کہا کہ آج کی سرکار کی یہ سونچ نہیں ہے ۔مسٹر آزاد نے کہا کہ کانگریس کے عہد حکومت میں رائے بریلی میں ایمس کی تعمیر شروع کی گئی تھی مگر مودی سرکار کے آنے کے بعد اس میں ایک بھی اینٹ نہیں جڑی ہے ۔ اسی طرح امیٹھی میں علاقائی کینسر ہسپتال بنایا جانا تھا لیکن اس کے ئے ابھی تک زمین الاٹ نہیں کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں کسی ایک سیاسی پارٹی کے لوگ علاج کے لئے نہیں جاتے بلکہ اس سہولت سے تمام لوگ فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سرکار کو عوام کے ساتھ انتقامی جذبہ سے کام نہیں کرنا چاہئے ۔مسٹر آزاد کے الزام کے بعد اطلاعات ونشریات کے وزیرایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ سرکار بدلا لینے کی غرض سے کام نہیں کررہی ہے اور نہ ہی وہ ایسا سوچتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سرکار کے اپنے منصوبے ہوتے ہیں اور زمین الاٹ کرنے کا کام ریاستی سرکار کا ہے ۔مسٹر نائیڈو نے کہا کہ رائے بریلی اور امیٹھی کے پروجیکٹوں کے معاملہ میں وہ متعلقہ وزیروں سے بات کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT