Monday , September 25 2017
Home / ہندوستان / راجدھانی ایکسپریس میں مسافرین کو بیہوش کرکے لوٹ لیا گیا

راجدھانی ایکسپریس میں مسافرین کو بیہوش کرکے لوٹ لیا گیا

نئی دہلی ۔ 16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی تا دہلی کرانتی راجدھانی ایکسپریس کے تقریباً 25 مسافرین کو آج صبح کی اولین ساعتوں میں مدھیہ پردیش کے رتلم مقام کے قریب لوٹ مار کا نشانہ بنایا گیا اور 10 تا 15 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء لوٹ لئے گئے۔ وزارت ریلوے کو موصولہ ابتدائی اطلاعات کے بموجب ٹرین کے 7 ڈبوں کو سارقوں نے 2 اور 3 بجے شب کے درمیان نشانہ بنایا۔ وزارت ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ سہ رکنی ٹیم اس معاملہ کی تحقیقات کرے گی۔ ڈکیتی کا مسافرین کو اس وقت پتہ چلا جب ٹرین راجستھان کے کوٹہ جنکشن پہنچی۔ یہ مسافرین نیند سے بیدار ہوئے تو انہوں نے دیکھا کہ ان کے پرس، چھوٹے بیاگ خالی ہے اور انہیں ٹائلیٹ کے قریب پھینک دیا گیا ہے۔ اس معاملہ میں اب تک 11 ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں۔ کئی مسافرین نے نقد رقم چوری ہونے کی شکایت کی جبکہ بعض نے بتایا کہ ان کا آئی فون، دیگر الکٹرانک آلات لاپتہ ہیں اور بعض نے آدھارکارڈ و دیگر اہم دستاویزات گم ہونے کی شکایت کی ہے۔ بعض مسافرین نے بتایا کہ انہیں حالت نیند میں بیہوشی کی دوا سونگھائی گئی اور سارقین نے منصوبہ بند طور پر یہ کارروائی کی جبکہ بعض مسافرین نے شبہ ظاہر کیا کہ ریلوے اسٹاف بھی اس میں ملوث ہوسکتا ہے۔ وزیر ریلوے سریش پربھو نے کہاکہ ٹرین میں ڈکیتی کے واقعات روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ٹرین کے ڈبوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوکچھ ہوا وہ افسوسناک ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس واقعہ میں ریلوے اسٹاف کے ملوث ہونے کی بھی تحقیقات کی جارہی ہے اور اگر ایسا ہو تو خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT