Friday , June 23 2017
Home / ہندوستان / راجستھان میں ٹاملناڈو کے عہدیداروں پر گائو رکھشکوں کا حملہ

راجستھان میں ٹاملناڈو کے عہدیداروں پر گائو رکھشکوں کا حملہ

ٹرکوں پر سنگباری، قومی شاہراہ کی ناکہ بندی، چار گائو دہشت گرد گرفتار، 7 ملازمین پولیس کیخلاف کارروائی
جئے پور۔12 جون (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان میں پولیس نے کہا ہے کہ ضلع بار میر میں تقریباً 50 گائو رکھشکوں نے قومی شاہراہ 15 پر مویشیوں کی اسمگلنگ کے شبہ میں حکومت ٹاملناڈو کے ان عہدیداروں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا جو جیسلمیر سے اپنی ریاست (ٹاملناڈو) کو گائے منتقل کررہے تھے۔ پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس واقعہ سے نہ نمٹنے تساہل و لاپرواہی پر بشمول ایک انسپکٹر سات ملازمین پولیس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ بارمیر کے ایس پی گگن دیپ سنگلہ نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’ملزمین کی پٹائی کی اور انہوں نے ان کی ٹرک کو نذرآتش کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے وہاں پہونچ کر انہیں ایسا کرنے سے روک دیا۔ بعدازاں ان عہدیداروں، ڈرائیوروں اور کلینروں کو بچاتے ہوئے مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ اس دوران کئی افراد جمع ہوگئے اور قومی شاہراہ 15 کی ناکہ بندی کردی۔ ٹاملناڈو کے عہدیداروں نے جیسلمیر کے مختلف مقامات سے بہتر و معیاری نسل کی گائیں خریدا تھا اور ان کے پاس ان گائیوں کی منتقلی کے لئے این او سی کے علاوہ اسپیشل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور مقامی پولیس اسٹیشن کے اجازت نامے بھی موجود تھے۔ ایس پی نے کہا کہ ملزمین نے ٹرکوں پر سنگباری کی جس کے نتیجہ میں ایک ٹرک کو نقصان پہنچا۔ ٹرکوں میں موجود گائیوں کو بچالیا گیا اور عارضی طور پر مقامی گائو شالہ منتقل کیا گیا۔ سرکاری ملازمین کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے ان پر حملہ اور طاقت کے مجرمانہ استعمال کے الزامات کے تحت 50 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ چار افراد چائینارام، کملیش، وکرم اور جسونت کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایس پی گگن دیپ سنگلہ نے کہا کہ (ٹاملناڈو کے) عہدیداروں نے حملہ کے فوری بعد پولیس کو مطلع کرتے ہوئے مدد طلب کی تھی لیکن پولیس کافی تاخیر سے وہاں پہونچی۔ اس غفلت و لاپرواہی پر پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہائوز آفیسر اور دیگر چھ ملازمین پولیس کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اسٹیشن ہائوز آفیسر جئے رام، سب انسپکٹر دھرو پرساد، اسٹیشن سب انسپکٹر ماجد، دو ہیڈ کانسٹیلبس اور دو کانسٹیبلس کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT