Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / راجکوٹ ٹسٹ : انگلینڈ 311/4 ، روٹ 124 ، معین 99

راجکوٹ ٹسٹ : انگلینڈ 311/4 ، روٹ 124 ، معین 99

England's batsman Joe Root bats during the first day of the first test cricket match between India and England in Rajkot, India, Wednesday, Nov. 9, 2016. (AP Photo/Rafiq Maqbool)

راجکوٹ ، 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جو روٹ (124)اور معین علی (ناٹ آؤٹ 99 رنز) کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت انگلینڈ نے خراب آغاز سے سنبھل کر ہندوستان کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ کے آج پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک چار وکٹ پر 311رنز کا مضبوط اسکور بنا لیا۔ انگلینڈ کے کپتان ایلیسٹیر کک نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں دن کا کھیل ختم ہونے تک 93 اوور پھینکے جاسکے ۔معین 99اور بین اسٹوکس 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں اور ٹیم کے ابھی چھ وکٹ محفوظ ہیں۔ انگلینڈ کی اننگز کے پہلے دن تیسرے نمبر کے بلے باز 25 سالہ روٹ نے اپنی زبردست سنچری سے ٹیم کو صبح کی خراب شروعات سے نکالا اور ایشیائی خطہ میں اپنی پہلی سنچری بھی بنائی۔

روٹ نے 180 گیندوں کی اننگز میں 11 چوکے اور
ایک چھکے کی مدد سے 124 رنز بنائے ۔روٹ نے ٹھیک چار سال پہلے ناگپور میں اپنا ٹسٹ کریئر شروع کیا تھا اور وہ اب تک انڈیا کے خلاف دو سنچریاں بناچکے ہیں۔یہ اُن کی ٹسٹ میں 11ویں سنچری ہے۔ لنچ کے بعد روٹ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور چائے کے وقفہ تک بغیر کوئی وکٹ گنوائے انگلینڈ نے 209رنز جوڑ ڈالے ۔ انہوں نے معین کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے 179 رنز کی سنچری شراکت کرکے اپنی ٹیم کو پہلے دن 300 کے پار پہنچا دیا۔لیکن اومیش یادو نے 80 ویں اوور میں روٹ سے میزبانوں کو چھٹکارہ دلوایا اور انہیں اپنی گیند پر لپک لیا اور انگلینڈ کا چوتھا وکٹ 281 کے اسکور پر گرا۔ معین نے 192 گیندوں میں نو چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ 99 رنز بنائے ۔وہ ابھی اپنے ٹسٹ کریئر کی چوتھی سنچری سے محض ایک رن دور ہیں۔ قبل ازیں اوپنر اور کپتان کک کو 21 رنز کے انفرادی اسکور پر رویندر جڈیجہ نے ایل بی ڈبلیو کر کے انگلینڈ کا اہم وکٹ نکالا۔اس کے بعد تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشوین نے لنچ سے پہلے دو وکٹ نکال لیے اور انگلینڈ نے 32.3 اوور میں 102 رنز کا اضافہ کر کے اپنے تین وکٹ گنوا دیئے ۔ ٹسٹ کریئر کا آغاز کرنے والے حسیب حمید نے 82 گیندوں میں چھ چوکے لگا کر 31 رنز بنائے۔ انہیں اشون نے ایل بی ڈبلیو کرکے انگلینڈ کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد بین ڈکٹ (13) بھی سستے میں چلتے بنے اور اشون نے انہیں اجنکیا رہانے کے ہاتھوں کیچ کراکر لنچ سے پہلے پویلین بھیج دیا۔ لیگ اسپنر امیت مشرا کو 42 رنز اور محمد سمیع کو 31 رنز خرچ کرنے کے بعد بھی کوئی کامیابی نہیں ملی۔

TOPPOPULARRECENT