Monday , September 25 2017
Home / دنیا / ’’راجیو گاندھی ، اندرا گاندھی کے جانشین نہیں ہوسکتے‘‘ سی آئی اے کی پیش قیاسی غلط ثابت ہوئی

’’راجیو گاندھی ، اندرا گاندھی کے جانشین نہیں ہوسکتے‘‘ سی آئی اے کی پیش قیاسی غلط ثابت ہوئی

واشنگٹن ۔ 9 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی جاسوس ایجنسی سی آئی اے نے ہندوستان کی سابق وزیراعظم محترمہ اندرا گاندھی کے قتل سے بھی دو سال قبل یہ قیاس آرائی کی تھی کہ اگر اندرا گاندھی کی اچانک موت ہوجاتی ہے تو اُس صورت میں اُن کے بیٹے ( جو اُس وقت پائلٹ تھے) راجیوگاندھی اپنی ماں کے جانشین نہیں ہوسکتے کیونکہ سیاسی طورپر راجیوکو ’’نابالغ‘‘ قرار دیا گیا تھا اور یہ تک کہا گیا تھا کہ نہ تو کانگریس پارٹی میں اُن کے لئے کوئی جوش و خروش پایا جاتا ہے اور نہ ہی عوام میں ۔ سی آئی اے کی ایک خفیہ رپورٹ کا افشاء ہونے کے بعد یہ بات سامنے آئی ۔ سنٹرل انٹلیجنس ایجنسی نے 14جنوری 1983 ء کی اپنی رپورٹ میں یہ پیش قیاسی کی تھی کہ ایسی صورت میں ( اندراگاندھی کی اچانک موت ) کانگریس پارٹی کمزور ہوسکتی ہے تاہم 31 اکٹوبر 1984 ء کو اندراگاندھی کے خود اپنے ہی باڈی گارڈس کے ذریعہ قتل کئے جانے کے بعد حالات بالکل برعکس ہوگئے۔ اُس وقت کے صدرجمہوریہ گیانی ذیل سنگھ نے راجیوگاندھی کو ہنگامی حالات میں ملک کے نئے وزیراعظم کا حلف دلایا۔ اندرون کچھ ماہ راجیوگاندھی نے انتخابات میں بھی زبردست کامیابی حاصل کی ۔ سی آئی اے کی اس رپورٹ جس کا عنوان ’’ہندوستان 80 ء کے دہے کے وسط میں : مقاصد اور چیلنجس تھا ‘‘ کی نقل امریکہ کے فریڈم آف انفارمیشن ایکٹ (FOIA) کے تحت جاری کی گئی جو ہندوستان کے قانون برائے حق معلومات کے مماثل ہے ۔

TOPPOPULARRECENT