Wednesday , August 23 2017
Home / سیاسیات / راجیو گاندھی کی 72 ویں یوم پیدائش

راجیو گاندھی کی 72 ویں یوم پیدائش

صدرجمہوریہ اور کانگریس قائدین کا خراج عقیدت
نئی دہلی 20 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) قوم نے آج سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کو ان کی 72 ویں یوم پیدائش کے موقع پر یاد کیا جبکہ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی اور دیگر قائدین نے آنجہانی کی یادگار (میموریل) پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔ تاہم صدر کانگریس سونیا گاندھی خرابی صحت کی بناء میموریل پر حاضری نہیں دیں۔ اگرچیکہ سونیا گاندھی کے فرزند اور پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی نے راجیو گاندھی کی یادگار ویر بھومی پر گلہائے عقیدت پیش کیا لیکن ان کی دختر پرینکا اور داماد رابرٹ وڈیرا دعائیہ اجتماع سے غائب رہے۔ راہول نے یہ ٹوٹ کیاکہ راجیو گاندھی کو آج یاد کیا جارہا ہے۔ ان کی بصیرت، اقدار اور عوامی خدمت کا جذبہ ہمارے لئے سرچشمہ وجدان ہے۔ جبکہ پرنب مکرجی، نائب صدر حامد انصاری، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ، دہلی پردیش کانگریس کمیٹی صدر اجئے ماکن، سینئر پارٹی قائدین آنند شرما، موتی لال وورا، بھوپندر سنگھ ہڈا نے سمادھی پر عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ واضح رہے کہ سونیا گاندھی کو ایک خانگی ہاسپٹل میں طویل علاج کے بعد کل ہی ڈسچارج کیا گیا ہے۔ راجیو گاندھی جنھیں ملک میں انفارمیشن اینڈ کمیونکیشن ٹیکنالوجی کے انقلاب کا نقیب تصور کیا جاتا ہے 20 اگسٹ 1944 ء کو پیدا ہوئے اور 1984 ء تا 1989 ء وزیراعظم کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انھیں سری پریمبدور (تاملناڈو) میں 21 مئی 1991 ء کو ایک انتخابی مہم کے دوران ایل ٹی ٹی ای نے خودکش بم دھماکہ میں ہلاک کردیا تھا۔ اپنے والد کی یوم پیدائش کے موقع پر راہول گاندھی نے 100 معذورین میں ٹو وہیلرس تقسیم کئے۔

TOPPOPULARRECENT