راجیہ سبھا انتخابات میں بومئی کی سیاسی ذہانت کی ستائش : مودی

   

بنگلورو: وزیر اعظم نریندر مودی نے کرناٹک کے وزیر اعلی بسوراج بومئی کی سیاسی حکمت عملی اور ذہانت کی تعریف کی، جنہوں نے راجیہ سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو تین سیٹوں پر جیت دلانے میں اہم کرداراداکیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابی نتائج کا اعلان ہونے کے فوراً بعد بومئی کو فون کرکے کامیابی میں ان کے کردارکے لئے مبارک باد دی۔مودی نے وزیر اعلیٰ کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ”بی جے پی سے راجیہ سبھا کے لیے تین ارکان کو منتخب کرانے میں آپ کی کوششیں انمول تھیں۔ کرناٹک کا یہ تعاون اچھے کاموں کی ترغیب دے گا۔بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے بھی بومئی کو فون کیا اور انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا، ‘‘آپ کی سخت محنت کاپھل ملا ہے ۔ آپ کی حکمت عملی کامیاب رہی۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بومئی کو فون کرکے بی جے پی کے تین امیدواروں کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا کیونکہ پارٹی کی ریاستی قیادت نے اپنے تیسرے امیدوار کی جیت کو یقینی بنایا، جو کہ نمبر گیم میں ایک سخت سیاسی چیلنج تھا۔ انہوں نے کہا، ‘‘راجیہ سبھا میں پارٹی کی طاقت بڑھانے کے لیے کرناٹک کی طرف سے یہ ایک بڑا تحفہ ہے ۔غور طلب ہے کہ کرناٹک سے راجیہ سبھا کی چار سیٹوں کے لیے ہوئے انتخابات میں جمعہ کو مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سمیت بھارتیہ جنتا پارٹی کے تینوں امیدوار اورکانگریس کے سینئر لیڈرو سابق مرکزی وزیر جے رام رمیش الیکشن میں کامیاب ہوئے ۔کرناٹک میں بی جے پی کی شاندار کارکردگی پر پارٹی حلقوں میں زبردست جوش و خروش دیکھا جارہا ہے اور چیف منسٹر کے حکمت عملی کی تعریف کی جارہی ہے۔