Monday , June 26 2017
Home / شہر کی خبریں / راجیہ سبھا میں اکثریت ملتے ہی خواتین تحفظات بل کی منظوری یقینی

راجیہ سبھا میں اکثریت ملتے ہی خواتین تحفظات بل کی منظوری یقینی

وزیر اعظم نے روز اول سے ہی اپنا ذہن بنالیا ہے ، امراوتی میں خواتین کی پارلیمنٹ کانکلیو سے وینکیا نائیڈو ، کے کویتا کا خطاب
حیدرآباد /10 فروری ( سیاست نیوز ) مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ این ڈی اے حکومت پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کیلئے 33 فیصد تحفظات کی فراہمی کو یقینی بنانے والے طویل مدت سے زیر التواء قانون کو منظور کرائے گی ۔ امراوتی میں قومی خواتین کی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے وینکیا نائیڈو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے روز اول سے ہی یہ ذہن بنالیا ہے کہ متفقہ طور پر خواتین کو تحفظات فراہم کرنے والے قانون کو منظور کیا جائے گا ۔ اب یہ قدم پارلیمنٹ سے زیادہ دور نہیں ہے ۔ راجیہ سبھا میں این ڈی اے کو اکثریت حاصل ہوتے ہی ہم یہ بل منظور کرلیں گے ۔ مرکزی وزیر نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح خواتین کو آگے بڑھانا ہے ۔ خواتین ہی ہماری معاشرے کی اصل ہیروز ہیں ۔ اب وقت آگیا ہے کہ انہیں آواز بخشی جائے اور اس مردوں کے غلبہ والی سوسائٹی میں انہیں بھی مناسب جگہ دی جائے ۔ خواتین کے حق میں تمام ضروری اخلاقی تائید ہونی چاہئے ۔ میں اپنی پارٹی کی جانب سے آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ خواتین بل کو جلد سے جلد منظور کیا جائے گا ۔ صرف بل کی منظوری ہی کافی نہیں ہے ۔ اس کیلئے سیاسی عزم اور انتظامی مہارت کا ہونا ضروری ہے ۔ اس سلسلے میں سیاسی پارٹیوں کو آگے آنا چاہئے ۔ ہمارے معاشرے میں جنسی عدم مساوات سنگین خود اختیار کرتی جارہی ہے اور معاشی ترقی پر منفی اثر پڑ رہا ہے ۔ چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں ترقی دینے کیلئے وزیر اعظم مودی کے اقدامات کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم خواتین کو مضبوط اور بااختیار بنانے کو اہمیت دے رہے ہیں ۔ ان کی قیادت میں بلاشبہ ہندوستان مکمل طور پر ترقی حاصل کرے گا ۔ اس موقع پر بدھسٹ روحالی پیشوا دلائی لامہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس صدی کو خواتین کی مختلف شعبہ ہائے حیات میں شراکت داری کو یقینی بنانے کیلئے مقدامات کریں ۔ تین روزہ قومی خواتین کی پارلیمنٹ کو آندھراپردیش لیجسلیٹیو اسمبلی نے منعقد کیا ہے ۔ اس کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا اور جمہوریت کو مستحکم کرنا ہے ۔ کانفرنس میں پی اشوک گجپتی راجو ، پوڈو چری لفٹیننٹ گورنر کرن بیدی ، بنگلہ دیش پارلیمانی اسپیکر شیرین چودھری گاندھیائی ایلابھٹ اداکارہ منیشا کوئرالہ اور دیگر کئی ممتاز شخصیتوں نے شرکت کی ۔ انٹرنیشنل وومن آئرن آف دی ورلڈ ایوارڈ 12 نوجوان خواتین کو عطا کئے گئے ۔ اس کانکلیو سے نظام آباد ایم پی کے کویتا نے بھی خطاب اور خواتین کے حق میں موثر اقدامات کی وکالت کی ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT