Thursday , August 17 2017
Home / سیاسیات / راجیہ سبھا کی صرف ایک نشست کیلئے بی جے پی حواس باختہ

راجیہ سبھا کی صرف ایک نشست کیلئے بی جے پی حواس باختہ

نئی دہلی ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے کرناٹک کے وزیرتوانائی کی رہائش گاہ اور دیگر مقامات پر محکمہ انکم ٹیکس کے دھاوؤں کی مذمت کی اور الزام عائد کیا کہ بی جے پی راجیہ سبھا کی محض ایک نشست کیلئے دیوانہ وار انتقامی کارروائیوں میں ملوث ہورہی ہے۔ احمد پٹیل نے جو گجرات سے راجیہ سبھا انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، کہا کہ کرناٹک میں کانگریس کے وزیر کے تفریحی گیسٹ ہاؤز میں گجرات کے کانگریس ارکان اسمبلی فی الحال ٹھہرائے گئے ہیں۔ وہاں کئے گئے محکمہ انکم ٹیکس کے دھاوؤں سے بی جے پی کی مایوسی اور حواس باختگی بے نقاب ہوگئی ہے۔ واضح رہیکہ محکمہ انکم ٹیکس نے آج صبح وزیرتوانائی ڈی کے شیواکمار کے خلاف ٹیکس نادہندگی کی تحقیقات کے ضمن میں کرناٹک اور دہلی کے کئی مقامات پر واقع ان کی جائیدادوں پر دھاوے کئے تھے۔ شیواکمار نے بنگلورو کے قریب تفریح گاہ میں واقع اپنے گیسٹ ہاؤز میں گجرات کے کانگریس ارکان اسمبلی کو ٹھہرایا ہے کیونکہ گجرات میں راجیہ سبھا انتخابات سے قبل اس پارٹی کے چھ ارکان بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔ کانگریس کا دعویٰ ہیکہ بی جے پی حکومت کے اثرورسوخ اور دولت کے بل بوتے پر اس (کانگریس) کے وفادار ارکان کو لالچ یا دھمکیوں سے مرعوب کررہی ہے جس کے نتیجہ میں کانگریس ارکان خود کو غیرمحفوظ محسوس کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT