Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / راشن شاپس کو آٹومیٹک بنانے کا منصوبہ

راشن شاپس کو آٹومیٹک بنانے کا منصوبہ

گوداموں میں سی سی ٹی وی کیمرے، واٹس اپ پر شکایات کی سہولت:سی وی آنند

حیدرآباد 22 نومبر (پی ٹی آئی) تلنگانہ میں تمام راشن شاپس کو ای پی او ایس (الیکٹرانک پوائنٹ آف سیل) کے ذریعہ مکمل طور پر آٹومیٹک بنانے کی تجویز ہے۔ اِس کے علاوہ گوداموں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے جائیں گے تاکہ عوامی نظام تقسیم میں بہتری لائی جاسکے۔ ریاستی محکمہ سیول سپلائز نے ریاست بھر میں آدھار سے مربوط راشن کی تقسیم کے نظام کے لئے ٹنڈر طلب کیا ہے۔ تلنگانہ میں جملہ 17,200 راشن شاپس ہیں۔ کمشنر سیول سپلائز سی وی آنند نے کہاکہ اِس اسکیم کو آئندہ ماہ قطعیت دیئے جانے کی توقع ہے۔ انھوں نے کہاکہ فروری تک ریاست میں تمام راشن شاپس مکمل آٹومیٹک ہوجائیں گے۔ اس وقت راشن شاپس پر تمام کام عمومی طور پر انجام دیئے جاتے ہیں اور صرف گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں آٹومیٹک نظام متعارف کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ منڈل سطح کے تمام 171 گوداموں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔ اسے جوائنٹ کلکٹر اور کمشنر کے دفاتر سے مربوط کیا جائے گا۔ راشن سربراہ کرنے والی تمام ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر ہیڈ آفس میں جی پی ایس کے ذریعہ نظر رکھی جائے گی۔ محکمہ سیول سپلائز نے فیر پرائز شاپ ڈیلرس اور راشن کارڈ رکھنے والوں کو ذخیرہ کے بارے میں ایس ایم ایس کے ذریعہ واقف کرانے کا بھی منصوبہ بنایا ہے۔ بہت جلد واٹس اپ سہولت فراہم کی جائے گی جہاں عوام اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔ سی وی آنند نے کہاکہ شکایات کے لئے پہلے سے موجود سہولیات کے علاوہ یہ اضافی سہولت ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ کوئی بھی راشن کارڈ گیرندہ اگر ایسے وقت جبکہ راشن شاپ کھلی رہنی چاہئے، بند نظر آئے تو وہ تصویر لے کر واٹس اپ پر بھیج سکتا ہے۔ تلنگانہ میں راشن کے حصول اور سربراہی کے لئے آن لائن سسٹم پر عمل کیا جارہا ہے، اس کی وجہ سے 500 اور 1000 روپئے کی کرنسی کا چلن بند کرنے کے فیصلہ کا زیادہ اثر کسانوں پر نہیں پڑے گا کیوں کہ پہلے ہی اُن کی رقم پہلے ہی سے اکاؤنٹس میں منتقل کی جارہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT