Saturday , October 21 2017
Home / Top Stories / رام ناتھ کووند کا حلف ، بی جے پی نظریات کیلئے اہم سنگ میل

رام ناتھ کووند کا حلف ، بی جے پی نظریات کیلئے اہم سنگ میل

ملک کے جلیل القدر عہدہ پر آر ایس ایس نظریات کے حامی پہلے لیڈر کا تقرر ، بی جے پی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے مودی کا خطاب

نئی دہلی ۔ 25 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے رام ناتھ کووند کے آئندہ صدرجمہوریہ کی حیثیت سے حلف لینے کے موقع پر کہا کہ بی جے پی کے نظریاتی قائد شیام پرشاد مکرجی نے جو سفر شروع کیا تھا ، اُس میں ایک اہم اور غیرمعمولی سنگ میل ہے ۔ مودی نے یہ ریمارکس بی جے پی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران کیا ۔ یہ اجلاس رام ناتھ کووند کی حلف برداری سے قبل منعقد ہوا ۔ ہندوستان کے 14 ویں صدرجمہوریہ کی حیثیت سے رام ناتھ کووند نے آج حلف لیاہے ۔ مودی نے اپنی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیام پرشاد مکرجی نے جس سفر کا آغاز کیا تھا اس میں رام ناتھ کووند کا صدرجمہوریہ بن جانا ایک اہم سنگ میل ہے ۔ شیام پرشاد مکرجی کے نظریاتی سفر کے دوران لاکھوں افراد نے ہرچیز کی قربانی دی تھی ۔ مکرجی نے 1951 ء میں پارٹی کی سرپرست جن سنگھ سے نکل کر بی جے پی کی بنیاد ڈالی تھی ۔ وزیراعظم نریندر مودی کایہ تبصرہ اس لئے بھی غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ رام ناتھ کووند بی جے پی کے پہلے لیڈر ہیں جنھوں نے ملک کے اعلیٰ ترین دستوری عہدہ کا جائزہ حاصل کیا ہے۔ صدرجمہوریہ کی دلت شناخت اور ان کی سیاسی زندگی کے بارے میں بی جے پی نے تفصیلی روشنی ڈالی ۔ بی جے پی میں رہتے ہوئے اُنھوں نے سخت جدوجہد اور محنت کی ہے اور 2014 ء میں بی جے پی کو اقتدار میں لانے کیلئے انھوں نے انتھک جدوجہد کی تھی ۔

وزیر پارلیمانی اُمور اننت کمار نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ بی جے پی پارلیمانی اجلاس میں وزیراعظم مودی نے پارٹی کے قانون سازوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ غریبوں کی بہبود ، سماجی ہم آہنگی اور عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے اچھی حکمرانی کے تین مقاصد پر کام کریں ۔ انھوں نے پارٹی ارکان سے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں یوم آزادی سے 15 روزہ سنکلپ یاترا شروع کریں تاکہ غریبوں کی بہبود ، سماجی ہم آہنگی اور اچھی حکمرانی کو فروغ دینے کیلئے عوام میں بیداری مہم شروع کی جائے ۔ 2022 ء تک ملک کے تمام حصوں میں عوام کے لئے ایک معیار زندگی فراہم کرنے کا عہد کیا جائے ۔ 2022 ء میں ملک اپنی آزادی کا 75 واں سالانہ جشن منائے گا ۔ انھوں نے ارکان پارلیمنٹ سے یہ بھی کہا کہ وہ شہریوں کے حق میں بہتر نظم و نسق فراہم کرنے کا عہد کریں ۔ سماج کی بہتری کیلئے بہتر نظم و نسق ضروری ہے ۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان 1947 ء سے اپنی 70 سالہ سفر میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے ۔ اب یہ ملک سال 2022 ء تک دنیا میں ایک مضبوط ترین طاقت بن کر اُبھرے گا ۔ اس عزم کے ساتھ انھیں سخت محنت کرنے کو یقینی بنانا ہوگا ، تاکہ ترقی کے حصول کیلئے قطار میں کھڑے ہوئے آخری شخص کو بھی فائدہ حاصل ہوسکے ۔ 1857 ء میں جدوجہد آزادی کی پہلی جنگ ضرور ہوئی ، اُس کے بعد ہندوستان چھوڑدو تحریک کا آغاز ہوا اور یہ ملک آزادی کی سمت گامزن رہا ۔ آج ہم نے جو کچھ حاصل کیا ہے ، اسی جدوجہد کانتیجہ ہے ، لہذا مودی نے ارکان پارلیمنٹ سے کہاکہ وہ 9 اگسٹ اور 15 اگسٹ کے درمیان ملک بھر میں پروگرام منعقد کریں ۔ اس دوران تمام ارکان ترنگا یاترا بھی نکالیں۔

TOPPOPULARRECENT