Thursday , August 24 2017
Home / Top Stories / رام ناتھ کووند کی نامزدگی کا آج ادخال

رام ناتھ کووند کی نامزدگی کا آج ادخال

صدارتی ا میدوار کیساتھ مودی، این ڈی اے و دیگر چیف منسٹرس موجود ہونگے
نئی دہلی ۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند اپنے کاغذات نامزدگی کل جمعہ کو وزیراعظم نریندر مودی اور زیادہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کے اکثر وزرائے اعلیٰ کے علاوہ ان کی امیدواری کے تائیدی بعض دیگر پارٹیوں کے سربراہان کی موجودگی میں داخل کریں گے۔ اس موقع پر تلنگانہ، آندھراپردیش اور ٹاملناڈو کے چیف منسٹرس کے چندرشیکھر راؤ، این چندرا بابو نائیڈو اور ای پلانی سوامی کی موجودگی بھی متوقع ہے۔ این ڈی اے شرکاء کے علاوہ جن کی الیکٹورل کالج میں عددگی طاقت 48.6 فیصد ووٹوں پر مشتمل ہے، علاقائی پارٹیاں جیسے آل انڈیا انا ڈی ایم کے، بی جے ڈی، ٹی آر ایس اور جے ڈی یو نے دلت لیڈر کو اپنی تائید و حمایت کا اعلان کیا ہے۔ یہ الیکٹورل کالج ہی آئندہ صدر کا انتخاب کرے گا۔ چونکہ این ڈی اے امیدوار کے پاس معقول عددی طاقت ہے، اس لئے ان کی کامیابی یقینی سمجھی جاسکتی ہے۔ صدر بی جے پی امیت شاہ بھی موجود رہیں گے جب رام ناتھ اپنے کاغذات داخل کریں گے۔ بی جے پی کے ذریعہ نے کہا کہ رام ناتھ کو 61 فیصدی ووٹ سے زیادہ حاصل ہونا یقینی ہے اور قطعی تعدد میں اضافہ ہوسکتا ہے جس کا انحصار بعض علاقائی جماعتوں کے ووٹ پر ہے جنہوں نے ہنوز کچھ فیصلہ نہیں کیا ہے۔ اس درمیان اپوزیشن پارٹیوں کے گروپ نے آج اعلان کیا کہ سابقہ اسپیکر لوک سبھا میراکمار جو خود بھی دلت لیڈر ہیں، رام ناتھ کووند کے خلاف اپوزیشن کی متحدہ امیدوار ہوں گی۔ یہ الیکشن 17 جولائی کو مقرر ہے اور ووٹوں کی گنتی 20 جولائی کو ہوگی۔ موجودہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی میعاد 24 جولائی کو ختم ہورہی ہے۔ رام ناتھ جیسے ہی منتخب ہوجائیں اس جلیل القدر عہدہ پر فائز ہونے والے دوسرے دلت ہوں گے۔ پہلے دلت کے آر نارائنن تھے جو راشٹرپتی بھون میں 1997-2002ء کے دوران باوقار عہدہ پر فائز رہے۔

TOPPOPULARRECENT