Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / رانجی فائنل میں ممبئی کو شکست ، گجرات پہلی بار چمپئن

رانجی فائنل میں ممبئی کو شکست ، گجرات پہلی بار چمپئن

اندور، 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کپتان پارتھیو پٹیل (143) کی شاندار سنچری اور من پریت جنیجا (54) کی بہترین نصف سنچری کے بل بوتے پر گجرات نے ممبئی کو فائنل میں آج یہاں پانچویں اور آخری روز پانچ وکٹ سے شکست دے کر پہلی بار رانجی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ گجرات کے بیٹسمنوں نے 312 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ممبئی کی 42 ویں رانجی خطاب جیتنے کی امیدوں کو ختم کر دیا۔ گجرات کو خطاب کیلئے محض ڈرا کی ضرورت تھی کیونکہ اسے پہلی اننگز کی بنیاد پر 100رنوں کی برتری حاصل تھی لیکن اس کے بیٹسمنوں نے ممبئی کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے شاندار انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔ گجرات نے 89.5 اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 313 رن بنا کر کامیابی حاصل کی۔ گجرات کے کھلاڑیوں نے جس طرح دوسری اننگز میں ہدف کا تعاقب کیا وہ واقعی جیت کے حقدار تھے ۔کپتان پارتھیو نے قائدانہ اننگز کھیلی اور اکیلے مورچہ سنبھالتے ہوئے ممبئی کے گیند بازوں کے چھکے چھڑادیئے ۔ انہوں نے چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے 196گیندوں کی اپنی میراتھن اننگز میں 24 چوکے لگائے ۔ انہوں نے 89 رنز پر تین وکٹ گر جانے کے بعد من پریت کے ساتھ سنچری پارٹنرشپ کے ذریعے ٹیم کو فتح کی جانب گامزن کیا۔ من پریت نے بھی 115 گیندوں کی اپنی تسلی بخش اننگز میں آٹھ چوکے لگائے اور کپتان کا بخوبی ساتھ نبھایا۔من پریت ٹیم کے 205 کے اسکور پر آل ھرودیکر کا شکار بنے ۔ پارتھیو نے اس کے بعد روجول بھٹ (27 ناٹ آؤٹ ) کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 94رن کی شراکت کرتے ہوئے ٹیم کی جیت یقینی بنادی۔ پارتھیو ٹیم کے اسکور 299 پر پویلین لوٹے تب جیت کی محض رسمی کارروائی باقی تھی۔ چراغ گاندھی (11 ناٹ آؤٹ ) نے رجول کے ساتھ مل کر 89.5 اوور میں ٹیم کو فتح دلا دی اور اسی کے ساتھ ہی گجرات نے پہلی بار اس ٹرافی پر قبضہ جمایا۔ اس سے پہلے گجرات نے صبح کل کے بغیر وکٹ پر 47 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔پریاک پاچال نے 34 رن سے اور سمت گوھیل نے 9 رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ گجرات کو جیت کیلئے 265 رنوں کی ضرورت تھی اور اس کے تمام 10 وکٹ محفوظ تھے ۔ کپتان پارتھیو نے جم کر بلے بازی کرتے ہوئے نہ صرف سنچری مکمل کی بلکہ اپنی ٹیم کو تاریخی فتح کی منزل تک لے گئے ۔پارتھیو نے پہلی اننگز میں بھی 90 رن کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔ ممبئی کیلئے بلوندر سندھو نے 101رن دے کر دو وکٹ۔

TOPPOPULARRECENT