Thursday , October 19 2017
Home / Top Stories / راکیش ماریا کا تبادلہ،احمد جاوید نئے پولیس کمشنر ممبئی

راکیش ماریا کا تبادلہ،احمد جاوید نئے پولیس کمشنر ممبئی

شینا بورا قتل مقدمہ کی نگرانی ہنوز ماریا کے سپرد ، حکومت کا موقف تبدیل

ممبئی ۔ 8 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی پولیس کمشنر راکیش ماریا جنہوں نے شخصی طور پر سنسنی خیز شینا بورا قتل مقدمہ کے ملزمین کی شخصی طور پر تفتیش کی تھی، آج انہیں اس عہدہ سے ہٹادیا گیا ہے اور بحیثیت ڈائرکٹر جنرل پولیس ہوم گارڈ ترقی و تبادلہ عمل میں آیا۔ شینا قتل کیس کے سلسلہ میں راکیش ماریا نے غیر متوقع طریقہ کار اختیار کیا تھا۔ اس اچانک کارروائی سے کافی ہلچل مچ جانے کے بعد حکومت مہاراشٹرا نے شام میں اپنے موقف میں نرمی پیدا کردی اور کہا کہ راکیش ماریا شینا بورا قتل مقدمہ کی اپنی ترقی اور تبادلہ کے باوجود نگرانی جاری رکھیں گے ۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری (داخلہ) کے پی بخشی نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا۔ قبل ازیں راکیش ماریا کی ترقی اور تبادلہ کی وجوہات کے بارے میں کئی قیاس آرائیاں گرم تھیں۔ محکمہ داخلہ مہاراشٹرا نے قبل ازیں دن میں کہا تھا کہ تبدیلیاں صرف نظم و قانون کی بنیاد پر گنیش تہوار سے قبل کی جارہی ہیں اور ان اطلاعات کو مسترد کردیا تھا کہ اس کا کوئی تعلق قتل کے مقدمات کی تحقیقات سے ہے ۔

 

نئے کمشنر جاوید نے اپنے عہدہ کا جائزہ لینے کے فوری بعد کہا تھا کہ قتل مقدمہ کی تحقیقات ماہرانہ انداز میں جاری رہیں گی اور وہ شخصی طور پر تحقیقات میں حصہ لیں گے۔ حکومت کی جانب سے اپنے فیصلہ میں تبدیلی کا اشارہ وزیر مملکت برائے داخلہ رنجیت پتی کے  اس بیان سے ملا کہ تبادلہ کے باوجود راکیش ماریہ تحقیقات جاری رکھیں گے۔راکیش ماریا حالیہ دنوں میں اس وقت سب کی نظروں میں آئے تھے جب انہیں جولائی 2014 ء کی ایک ویڈیو میں سابق آئی پی ایس سربراہ للت مودی کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔ انہوں نے شینا بورا قتل مقدمہ میں غیر معمولی دلچسپی دکھائی اور ملزمین بشمول اندرانی مکرجی جو شینا کی ماں ہے، سے پوچھ تاچھ کیلئے متعدد مرتبہ کھر پولیس اسٹیشن گئے تھے۔ حکومت مہاراشٹرا نے للت مودی سے ملاقات کے بارے میں وضاحت طلب کی تھی اور انہوں نے وضاحت کی تھی کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ راکیش ماریا کے تبادلہ کے سلسلہ میں کئی وجوہات بتائی جارہی ہے۔ مہاراشٹرا کے محکمہ داخلہ کے مطابق گنپتی فیسٹول کے پیش نظر لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ ماریا کو ڈائرکٹر جنرل کے عہدہ پر ترقی کی دی گئی اور انہیں ڈائرکٹر جنرل ہوم گارڈس ممبئی مقرر کیا گیا ہے اور وہ احمد جاوید کی جگہ لیں گے۔

TOPPOPULARRECENT