Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / راہنے کی نصف سنچری ‘ ہندوستان 231/7

راہنے کی نصف سنچری ‘ ہندوستان 231/7

Indian batsman Ajinkya Rahane raises his bat after scoring a half-century playing against South Africa, on the first day of the fourth test match between the two countries, in New Delhi, India, Thursday, Dec. 3, 2015. (AP Photo /Tsering Topgyal)

سیریز میں پہلا ٹسٹ کھیل رہے مہمان اسپنر ڈین کو 4وکٹیں

نئی دہلی ۔3ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین اجنکیا رہانے خود کو ملنے والے مواقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ناقابل تسخیر 89رنز اسکور کرلئے ہیں جب کہ جنوبی افریقہ کے خلاف یہاں شروع ہوئے چوتھے ٹسٹ کے پہلے دن ہندوستانی ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین پھر ایک مرتبہ ناکام ہوئے ہیں ۔ دن کے اختتام تک ہندوستانی ٹیم نے 7وکٹوں کے نقصان کے بعد 231رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ رہانے نے 155گیندوں کی اننگز میں 9چوکے اور 2چھکے لگائے ہیں ۔ علاوہ ازیں کپتان ویراٹ کوہلی نے 44رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو ابتدائی نقصانات سے باہر نکالنے کی کوشش کی ہے ۔ کوہلی نے 62گیندوں میں 7چوکوں کی مدد سے 44رنز بنائے ۔ ہندوستانی ٹیم نے مقابلہ کا آغاز انتہائی سست کیا جیسا کہ 17ویں اوور میں جس وقت ان فام بیٹسمین مرلی وجئے 59گیندوں میں 12رنز بناکر آؤٹ ہوئے ‘ اُس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 30رنز تھا ۔ دیگر بیٹسمینوں میں شکھر دھون نے 85 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4چوکوں کی مدد سے 33رنز اسکور کئے ۔ نمبر تین پر چیٹیشور پجارا ایک چوکے اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں 14رنز اسکور کرپائے ۔ 66 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی تین وکٹوں کے نقصان کے بعد رہانے اور کوہلی نے ٹیم کے موقف کو مستحکم کیا ۔ دن کے اختتام پر روی چندرن اشون 6رنز بناکر دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین ہیں ۔ روہت شرما اور وردھمان ساہا فی کس ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ لوور آرڈر میں رویندرا جڈیجہ نے رہانے کا ساتھ دینے کی کوشش کی تاہم ان کی اننگز بھی 24رنز تک محدود رہی جس کیلئے انہوں نے 59گیندوں کا سامنا کیا جس میں تین چوکے بھی شامل ہیں ۔جنوبی افریقی ٹیم جو کہ 9برس بعد بیرونی سیریز میں پہلی مرتبہ شکست کھاچکی ہے اس نے آج اپنے قطعی 11کھلاڑیوں میں تبدیلی کی ۔ سیریز میں پہلا ٹسٹ کھیل رہے ڈین پیڈیڈ نے متاثرکن بولنگ کی ہے ۔ 34اوور میں انہوں نے 101رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ کائل ابوٹ نے 17اوورس میں 23رنز دے کرتین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ ناقص روشنی کے باعث مقابلہ کو چھ اوورس قبل ہی ختم کردیا گیا اور اس طرح آج پہلے دن صرف 84اوورس کا کھیل ہی ممکن ہوسکا ۔ جنوبی افریقہ کیلئے صف اول کے اسپنر عمران طاہر اور فاسٹ بولر مرنی مورکل کے مظاہرہ مایو س کن رہے جیسا کہ مورکل 17اوورس میں 40اور طاہر 7اوورس میں 36رنز دینے کے بعد وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

TOPPOPULARRECENT