Saturday , September 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / راہول ٹاپ 10 بیٹسمین میں شامل ، شکھردھون کو 28 واں مقام

راہول ٹاپ 10 بیٹسمین میں شامل ، شکھردھون کو 28 واں مقام

محمد سمیع اور اومیش یادو کی رینکنگ میں بہتری، شکیب نے جڈیجہ کو پیچھے چھوڑدیا

آل راؤنڈرس میں شکیب نے جڈیجہ کو پیچھے چھوڑدیا

دبئی ۔ 15 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) اوپنرس شکھر دھون اور لوکیش راہول آئی سی سی ٹسٹ ریکنگ میں آج اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ بلندی پر پہونچ گئے ۔ ان دونوں کی اہم رفاقت نے ہندوستان کو تیسرے اور آخری ٹسٹ میچ میں سری لنکا کو ایک اننگز اور 171 رن سے شکست دیتے ہوئے 3 کے مقابلے صفر سے سیریز پر کلین سوئپ کرنے میں مدد کی تھی ۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے دھون نے فائنل ٹسٹ میں دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 119 رنز بنایا تھا اور ہندوستان کو سری لنکا کے خلاف شاندار کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ جس کے ساتھ ہی 10 پائیدانوں کی چھلانگ لگاتے ہوئے 28 ویں مقام پر پہونچ گئے ہیں۔ دہلی کے اس بیٹسمین کی تین ٹسٹ میچوں میں دوسری سنچری تھی ۔ انہوں نے 358 رن بناکر مین آف دی سیریز کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ۔ راہول بھی اوپنر کی حیثیت سے 85 رن بناتے ہوئے دو پائیدان عبور کئے ہیںاور اپنے کیریئر میں اب تک کے بہترین 9 ویں مقام پر پہونچ گئے ہیں۔

را ہول نے اگرچہ اس سال جولائی میں کیریئر کا بہترین 9 واں مقام حاصل کیا تھا لیکن 761 کی مو جودہ ریٹنگ پوائنٹس آج کے تاریخ تک ان کی اعلیٰ ترین شرح ہے۔ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا جنہوں نے 96 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 108 رن بنایا تھا اور 45 پائیدانوں کے فائدہ کے ساتھ بیٹسمین میں 68 ویں رینک پر پہونچ گئے ہیں جو ان کے کیریئر کا موجودہ بہترین ریکارڈ ہے ۔ بولرس میں محمد سمیع ایک پائیدان عبور کرتے ہوئے 9 ویں اور اومیش یادو بھی ایک پائیدان عبور کرتے ہوئے 21 ویں مقام پر پہونچ گئے ہیں۔ چائینا مین بولرس کیلئے بھی اچھی خبر ہے۔ ہندوستان کے کلدیپ یادو اور سری لنکا کے لکشمن سانداکن نے بھی اونچی چھلانگ لگائی ہے۔ کلدیپ نے 40 رن کے عوض چار وکٹ اور 56 رن کے بدلے ایک وکٹ لیتے ہوئے 58 ویں مقام پر پہونچ گئے ہیں۔ سانداکن 132/5 ، 16 پائیدان عبور کرتے ہوئے مقام پر پہونچ گئے ہیں۔ سری لنکا کے بیٹسمین دنیش چنڈی مل دو پائیدانوں کے فائدہ کے ساتھ 33 ویں اور ان کے ساتھی نروشن ڈکویلا سات پائیدانوں کے فائدہ کے ساتھ اپنے کیریئر کے بہترین مقام 61 پر پہونچ گئے ہیں۔ آل راؤ نڈرس ریکنگ میں جڈیجہ کو سرفہرست مقام سے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن نے محروم کردیا ۔ جڈیجہ 24 ماہ کی مدت میں خامیوں کے چھ پوائنٹس کے سبب ایک میچ کیلئے معطل کردیئے گئے تھے جس کے نتیجہ میں وہ سری لنکا کے خلاف پلے کیلی فائنل ٹسٹ میچ میں کھیل سکے تھے ۔

ٹیم رینکنگ میں ہندوستان پہلے اور سری لنکا ساتویں مقام پر برقرار
دبئی ۔ 15 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ٹیم رینکنگ میں ہندوستان پہلے اور سری لنکا ساتویں مقام پر برقرار ہے لیکن ہندوستان دو پوائنٹس کے فائدہ 125 پوائنٹس پر پہونچ گیا ہے جس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ پر ہندوستانی ٹیم کی سبقت 15 پوائنٹس ہوگئی ہے ۔ اس دوران انگلینڈ اب ویسٹ انڈیز کے ساتھ تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کی میزبانی کر رہا ہے لیکن تیسرے مقام پر برقراری کیلئے اس کو جمعرات سے شروع ہونے والی سیریز میں جیت حاصل کرنا ضروری ہے لیکن اس ماہ کے اواخر میں بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی دو ٹسٹ میچوں کی سیریز کے نتائج بھی اس کا انحصار رہے گا۔ 8 ستمبر سے قبل فتح ہونے والی اس سیریز میں آسٹریلیا اگر صفر کے مقابلے دو سے اپنی جیت درج کرتا ہے تو وہ 101 پوائنٹس اوپر پہونچ سکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT