Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / راہول گاندھی کی شہریت پر بی جے پی قائد سبرامنیم سوامی کا استفسار احمقانہ

راہول گاندھی کی شہریت پر بی جے پی قائد سبرامنیم سوامی کا استفسار احمقانہ

آر ایس ایس کی بانسری پر رقص کرنے کا الزام، وی ہنمنت راؤ کانگریس رکن راجیہ سبھا کا بیان
حیدرآباد /20 نومبر (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے راہول گاندھی کی شہریت پر سوال اٹھانے والے بی جے پی قائد سبرامنیم سوامی کو احمق قرار دیا۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بہار میں شکست کے بعد بی جے پی قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، بی جے پی کی ناکامی سے توجہ ہٹانے کے لئے ایک منظم سازش کے تحت نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کی شہریت کو متنازعہ بنایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سبرامنیم سوامی آر ایس ایس کا نور نظر بننے کے لئے ملک کے عظیم خاندان کے ایک فرد کو نشانہ بنا رہے ہیں، جن کے ارکان خاندان نے ملک کی جدوجہد آزادی میں اہم رول ادا کیا اور آزاد ہندوستان کی ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو راہول گاندھی کی جانب سے انھیں کئے گئے چیلنج کو قبول کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ بہار میں شکست کے بعد وزیر اعظم اپنے چمچوں کے ذریعہ راہول گاندھی پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کروا رہے ہیں، کیونکہ بہار سے فرقہ پرست بی جے پی کا زوال شروع ہو چکا ہے، جب کہ مستقبل میں سیکولر طاقتیں مزید مستحکم ہوں گی۔ انھوں نے حلقہ لوک سبھا ورنگل کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناکر وعدوں سے انحراف کرنے والی ٹی آر ایس اور بی جے پی کو سبق سکھائیں۔ انھوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے وعدوں کے سہارے پر اقتدار حاصل کیا، مگر 16 ماہ گزرنے کے بعد بھی ان وعدوں پر عمل آوری نہیں ہوئی۔

TOPPOPULARRECENT