Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / راہول گاندھی کی قومیت پر سوال بے بنیاد

راہول گاندھی کی قومیت پر سوال بے بنیاد

بہار کی شکست سے توجہ ہٹانا مقصد ، تلنگانہ کانگریس کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 17 ۔ نومبر : ( این ایس ایس ) : کانگریس رکن پارلیمنٹ جی سکھیندر ریڈی اور ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس جی نرنجن نے بی جے پی اور اس کے سینئیر لیڈر سبرامنیم سوامی پر الزام عائد کیا کہ وہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کی قومیت کے تعلق سے جھوٹا پروپگنڈہ کررہی ہے ۔ اس پروپگنڈہ کا مقصد قوم کے اہم مسائل سے عوام کی توجہ مبذول کروانا ہے ۔ سکھیندر ریڈی اور نرنجن نے پریس کانفرنس میں ایک سرٹیفیکٹ بھی پیش کیا جس میں یہ واضح ہے کہ راہول گاندھی نے اپنی شہریت ہندوستانی دکھائی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ، بہار اسمبلی انتخابات میں اپنی بدترین شکست سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے ۔ اسی لیے اس طرح کے بے بنیاد الزامات عائد کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سبرامنیم سوامی جب کبھی پس منظر میں چلے جاتے ہیں اپنے وجود کا احساس دلانے سنسنی خیزی پیدا کرنے والے بیانات جاری کرنے شہرت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی قومیت پر سوال کرنے کا کوئی جواز نہیں ہوسکتا کیوں کہ راہول کی دادی اندرا گاندھی اور والد راجیو گاندھی نے قوم کے لیے اپنی جانیں قربان کردی ہیں ۔ ان قائدین نے ادعا کیا کہ بی جے پی قائدین نے ماضی میں سونیا گاندھی کی قومیت کا سوال اٹھایا تھا تاکہ انہیں ملک کی باگ ڈور سنبھالنے سے روکا جائے ۔ اب بھی جان بوجھ کر راہول کے تعلق سے مسئلہ پیدا کیا جارہا ہے جب وہ پارٹی کی صدارت سنبھالنے والے ہیں ۔ ان قائدین نے کہا کہ ملک کے عوام اس طرح کے جھوٹے پروپگنڈہ پر یقین نہیں کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT