Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / راہول گاندھی کی گرفتاری پر کانگریس کا جیل بھرو پروگرام ہوگا

راہول گاندھی کی گرفتاری پر کانگریس کا جیل بھرو پروگرام ہوگا

گاندھی جی کے قاتل گوڈسے آر ایس ایس کا رکن ، ملو روی نائب تلنگانہ پی سی سی
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ گاندھی کا قاتل گوڈسے آر ایس ایس کا رکن تھا ، تاریخی ثبوتوں کی روشنی میں راہول گاندھی نے آر ایس ایس کے خلاف ریمارک کیا ہے اگر راہول گاندھی کو گرفتار کیا جاتا ہے تو کانگریس کارکن جیل بھرو تحریک کا آغاز کریں گے ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو روی نے کہا کہ گاندھی جی کے قاتل آج گاندھی جی کے اصولوں پر چلنے کا دعویٰ کررہے ہیں ۔ گاندھی جی کا قاتل ناتھو رام گوڈسے آر ایس ایس کا سرگرم رکن تھا ۔ تاریخ اور ثبوتوں کا جائزہ لینے کے بعد ہی نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے گوڈسے اور آر ایس ایس کے خلاف اپنی تقریر میں ریمارکس کیا ہے ۔ جو حق بجانب ہے اس میں کوئی غلطی نہیں ہے اور نہ ہی راہول گاندھی کو معذرت خواہی کرنے کی ضرورت ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی راہول گاندھی کے ریمارکس کی بھر پور تائید و حمایت کرتی ہے ۔ 2014 کے عام انتخابات کے دوران مہاراشٹرا کے بھونڈی میں منعقدہ ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے آر ایس ایس کے خلاف ریمارک کیے تھے ۔ جس پر راہول گاندھی کے خلاف عدالت میں مقدمہ چلایا جارہا ہے ۔ سپریم کورٹ نے راہول گاندھی کو معذرت خواہی کرنے یا مقدمہ کا سامنا کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ مسٹر ملو روی نے کہا کہ راہول گاندھی نے کوئی غلط بات نہیں کہی ہے ۔ اس وقت کے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے آر ایس ایس پر امتناع عائد کیا تھا ۔ یہ الگ بات ہے بعد میں امتناع سے دستبرداری اختیار کی گئی تھی ۔ بی جے پی کے موجودہ رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے حکومت سے ناتھورام گوڈسے سے کی مندر تعمیر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اراضی مختص کرنے پر بھی زور د یا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا تحفظ کرنے اور سیکولرازم کو مستحکم کرنے کے لیے اس مسئلہ پر مباحث کی ضرورت ہے ۔ گوڈسے کو کون بھگوان اور گاندھی کو کون مہاتما بنانا چاہتے ہیں ۔ ملک کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں ۔ نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ صدر امریکہ بارک اوباما کے بشمول دنیا کے کئی ممالک گاندھی جی کے اصولوں کو اپنانے کی تلقین کررہے ہیں جب کہ مرکز میں موجود حکمران جماعت گوڈسے کی تائید کررہی ہے جو تشویشناک ہے ۔ راہول گاندھی کے خلاف مقدمہ چلاتے ہوئے اگر انہیں جیل روانہ کیا جاتا ہے تو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر جیل بھرو مہم کا آغاز کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی راہول گاندھی کے ریمارکس کی بھر پور تائید کرتی ہے اور اس مسئلہ پر ملک بھر میں وسیع تر مباحث کا مطالبہ کرتی ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT